یوگی آدیتہ ناتھ ایک گھس بیٹھیا ہے اسے واپس اتراکھنڈ بھیجنا چاہیے، اکھلیش یادو

پیر 13 اکتوبر 2025 12:37

لکھنو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) بھارت میں سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے دراندازی اورتارکین وطن کے حوالے سے بی جے پی کے بیانیے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ریاست اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو گھس بیٹھیا(درانداز)قرار د یااور کہا کہ انہیں اتراکھنڈ واپس بھیج دیا جانا چاہیے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اکھلیش یادو نے یہ بات لکھنومیں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہاکہ بی جے پی تارکین وطن اور دراندازی کے بارے میں فرضی اعدادوشمار پیش کرتی رہتی ہے، لیکن اگر کوئی ان کے اعداد و شمار پر یقین کرلے تو وہ خود ہی کھو جائیں گے۔انہوں نے کہاجو لوگ اخراج کی بات کر رہے ہیں انہیں اپنے ارد گرد نظر دوڑانی چاہیے، ہمارے پاس یوپی میں بھی درانداز ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ خود اتراکھنڈ سے ہیں اور انہیں وہاں واپس بھیجا جانا چاہئے، وہ صرف ایک جغرافیائی گھس بیٹھیانہیں بلکہ ایک نظریاتی گھس بیٹھیا بھی ہے۔

ایس پی لیڈر نے کہا کہ یوگی آدتیہ ناتھ پہلے بی جے پی کے رکن نہیں تھے بلکہ وہ کسی اور تنظیم سے تعلق رکھتے تھے۔ انہوں نے سوال اٹھاتے ہوئے کہاکہ ان نظریاتی گھس بیٹھیوں کو کب ہٹایا جائے گا؟اکھلیش یادو کا بیان بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کی جانب سے اپوزیشن جماعتوں پر دراندازوں کو ووٹ بینک کے طور پر استعمال کرنے کا الزام عائد کرنے کے بعد سامنے آیا جس میں انہوں نے عویٰ کیا کہ گجرات اور راجستھان کی سرحدوں سے دراندازی نہیں ہو رہی ۔ اتر پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ برجیش پاٹھک سے جب صحافیوں نے اکھلیش یادو کے بیان کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے بتایا کہ وہ جلد ہی اس کاجواب دیں گے۔