کھاریاں،ڈپٹی کمشنر نورالعین نے گورنمنٹ میٹرنٹی اسپتال فوارہ چوک میں انسدادِ پولیو مہم 2025 کا افتتاح کردیا

پیر 13 اکتوبر 2025 14:48

کھاریاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2025ء) ڈپٹی کمشنر نورالعین نے گورنمنٹ میٹرنٹی اسپتال فوارہ چوک میں انسدادِ پولیو مہم 2025 کا افتتاح کیا۔ انہوں نے بچوں کو پولیو سے بچا کے قطرے پلا کر مہم کا آغاز کیا۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر سید عطاالمعنعم نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انسداد پولیو مہم 13 سے 16 اکتوبر تک ضلع بھر میں جاری رہے گی، جس کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے 5 لاکھ 14 ہزار 982 بچوں کو پولیو سے بچا کے قطرے پلائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ اس مہم کے دوران 6 ماہ سے 59 ماہ کی عمر کے 4 لاکھ 63 ہزار 484 بچوں کو وٹامن اے کے قطرے بھی دیے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر پولیو ٹیموں کی کارکردگی، دستیاب سہولیات اور عوامی آگاہی کے اقدامات کا جائزہ لیا اور کہا کہ پولیو سے پاک پاکستان ہمارا قومی ہدف ہے، جس کے لیے ہر شہری کا کردار اہم ہے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اعتزاز احمد سید، محکمہ صحت کے افسران، ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل عملے سمیت متعلقہ محکموں کے نمائندگان بھی موجود تھے۔