چین اور یورپی یونین کا غزہ میں مغویوں کی رہائی کا خیرمقدم، ٹرمپ کے کردار کی تعریف

پیر 13 اکتوبر 2025 16:50

بیجنگ / برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2025ء) چین اور یورپی یونین نے غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے تحت حماس کی جانب سے اسرائیلی مغویوں کی رہائی کا خیرمقدم کیا ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان لن جیان نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ چین اس پیشرفت کو خوش آئند سمجھتا ہے اور خطے میں استحکام اور امن کے قیام کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کایا کالاس نے بھی مغویوں کی رہائی کو امن کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ نے اس تاریخی پیشرفت کو ممکن بنایا۔غزہ میں حالیہ جنگ بندی اور مغویوں کی رہائی کو عالمی برادری ایک مثبت قدم کے طور پر دیکھ رہی ہے، جو خطے میں تشدد کے خاتمے اور مذاکرات کے آغاز کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔