پنجاب یونیورسٹی انسٹیٹیوٹ آف زوالوجی کے زیر اہتمام بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد

پیر 13 اکتوبر 2025 18:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2025ء) پنجاب یونیورسٹی انسٹیٹیوٹ آف زوالوجی کے زیر اہتمام پاکستان اپلائیڈزوالوجیکل سوسائٹی اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے اشتراک سے دو روزہ آٹھویں بین الاقوامی کانفرنس برائے اپلائیڈ زوالوجی 2025ء کی افتتاحی تقریب فیصل آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی ۔اس موقع پر وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی،گورنمنٹ کالج یونیورسٹی وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر رؤفِ اعظم ، ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایگریکلچرڈرگ اینڈ فوڈ اتھارٹی ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا ، وائس چانسلر ہوم اکنامکس یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر زیب النسا ء ، ڈین، فیکلٹی آف لائف سائنسز جی سی یو فیصل آباداور وائس چیئرپرسن اے زیڈ ایس پی پروفیسر ڈاکٹر فرحت جبین، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف زوالوجی پروفیسر ڈاکٹر نبیلہ روحی، پروفیسر ڈاکٹر اظہر رسول ،آرگنائزنگ سیکریٹری اے زیڈ ایس پی ، ممتاز محققین، ماہرینِ تعلیم، سائنسدان اورطلبائوطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں دنیا بھر سے نامور سائنس دانوں، محققین اور ماہرینِ زوالوجی نے اپلائیڈ زوالوجی کے شعبے میں ہونے والی تازہ ترین سائنسی پیش رفت اور اختراعات پر تبادلہ خیال کیا۔اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے بطورکانفرنس سرپرستِ اعلیٰ اور مہمانِ خصوصی شرکاء کا استقبال کیا۔ انہوںنے سائنسی تعاون، اختراعات اور تحقیق کو عالمی زوالوجیکل و ماحولیاتی مسائل کے حل کے لیے کلیدی اہمیت کا حامل قرار دیا۔

انہو ں نے کہا کہ کانفرنس نے ملکی و غیر ملکی سائنس دانوں کو ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کیاہے جس کے ذریعے سائنسی روابط کو فروغ، تحقیقی تعاون کو مضبوط، اور اپلائیڈ زوالوجی کے میدان میں تحقیق و اختراع کو نئی جہتوں سے آگے بڑھایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ دو روزہ کانفرنس میں مختلف جامعات سی1200طلبائوطالبات 400تحقیقی مقالے پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں بیرون ملک سے معروف سائنسدان، محققین اور سکالرز کے تجربات سے نوجوان استفادہ کرسکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں مختلف مضامین بشمول اینوائرئمنٹل سائنس اور میڈیکل سائنس کے طلباء کو ایک دوسرے کو جاننے اور سمجھنے کا موقع ملے گا۔ کانفرنس میں دس سے زائد غیر ملکی ماہرین نے شرکت کی، جن میںبرطانیہ سے پروفیسر ڈاکٹر عبدالشکور چوہدری ،ترکیہ سے پروفیسر ڈاکٹر یوسف توتر، پروفیسر ڈاکٹر آدم سیوک، اور پروفیسر ڈاکٹر وولکان ، ملائیشیا سے پروفیسر ڈاکٹر نگت شن لائی،آذر بائیجان ڈاکٹر اولکار ، جرمنی سے ڈاکٹر طیّبہ، اورتھائی لینڈ سے ڈاکٹر سیما کانوًل سمیت دیگر ممتاز بین الاقوامی مقررین شامل تھے۔

کانفرنس میںکئی موضوعات پر کلیدی خطابات ، تحقیقی مقالہ جات اور سائنسی مباحثے شامل تھے، جن میں حیاتیاتی تنوع کے تحفظ، سالماتی زوالوجی، ماحولیاتی بایوٹیکنالوجی، اور حیوانی صحت جیسے اہم موضوعات پر مفصل گفتگو کی گئی۔