Live Updates

پاک فوج سرحدوں کی محافظ ، شہری دفاع وطن کے لیے اپنی جان قربان کرنے کے لیے تیار ہے، اسسٹنٹ کمشنر پشین

پیر 13 اکتوبر 2025 20:12

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) اسسٹنٹ کمشنر پشین نعمت اللہ خان ترین کی قیادت میں افغانستان کی جانب سے مسلح دراندازی کے خلاف ضلعی انتظامیہ نے ریلی کا انعقاد کیا جس میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کیا گیا۔ریلی پشین بازار میں نکالی گئی جس میں ضلعی افسران،وکلاء،تاجر برادری،مقامی قبائلی و سیاسی عمائدین سمیت دیگر مکاتب فکر کے عوام شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

شرکا نے پاک فوج کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے،انہوں نے بینرز اٹھا رکھے تھے،جن پر ’’پاکستان زندہ باد‘‘ اور ’’پاک فوج پائندہ باد‘‘کے نعرے درج تھے۔ مقررین نے کہا کہ پاک فوج سرحدوں کی محافظ ہے اور قوم ہر جارحیت کے خلاف اس کے ساتھ کھڑی ہے۔مقامی افراد نے ریلی کو قومی یکجہتی کی بہترین مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ پوری قوم پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،ہماری افواج نے بہادری سے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ہے،جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ضلع پشین کا ہر شہری دفاع وطن کے لیے اپنی جان قربان کرنے کے لیے تیار ہے۔
Live پاک افغان کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات