شہر بھر میں چلنے والی منی بسوں اور کوچز میں27اکتوبرتک جی پی ایس ٹریکر کی تنصیب لازمی ہے، ٹریفک پولیس

پیر 13 اکتوبر 2025 23:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) ڈی آئی جی کراچی ٹریفک پولیس آفس میں ٹرانسپورٹرز کے وفد کو فیس لیس ،ای ٹکٹنگ سسٹم، ٹریفک قوانین اور گاڑیوں پر واضح نمبر پلیٹس کی تنصیب سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ پیرکے روز منعقد ہ بریفنگ کے دوران منی بسوں اور کوچز میں27اکتوبر2025تک جی پی ایس ٹریکر کی تنصیب کو لازمی قرار دیا گیا ہے، اس سلسلے میں متعلقہ ٹرانسپورٹرز کو جلد از جلد عملدرآمد کی ہدایت دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا گیا کہ ڈرائیورز کو ٹریفک قوانین سے مکمل طور پر آگاہ کیا جائے تاکہ شہر میں محفوظ اور منظم ٹریفک نظام کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس موقع پرڈی ایس پی ایڈمن ٹریفک کاشف ندیم، ڈی ایس پی لیگل ٹریفک محمد طفیل، آل کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر حاجی تواب، جنرل سیکرٹری محمد الیاس، سینئر وائس پریذیڈنٹ عبدالرحمن، چنگچی رکشہ ایسوسی ایشن کے صدر عمران زیدی سمیت دیگر نمائندگان موجود تھے۔

(جاری ہے)

بریفنگ میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ شہر بھر کی تمام شاہرائوں پر ڈبل پارکنگ اور غلط پارکنگ کی سختی سے ممانعت کی گئی ہے، فیس لیس ای چالان کے تحت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بلا امتیاز چالان اور جرمانے عائد کیے جائیں گے۔

منی بسوں اور کوچز کے ڈرائیورز کو آگاہ کیا جائے وہ مسافروں کو گاڑیوں کی چھتوں پر بٹھانے، تیز رفتاری، ون وے اور رونگ وے کی خلاف ورزی جیسے خطرناک اقدامات سے مکمل طور پر اجتناب کریں۔ کم عمر افراد کو چنگچی رکشہ چلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ایک رکشے میں پانچ سے زائد مسافروں کو سوار کرنے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔ٹرانسپورٹر وفد نے فیس لیس/ ای ٹکٹنگ سسٹم کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس کے کامیاب نفاذ کے لیے ٹریفک پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ مزید برآں ڈرائیورز کی تربیت کے لیے ٹریفک پولیس کے اشتراک سے جامع پروگرام ترتیب دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :