کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نےپولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کردیا

منگل 14 اکتوبر 2025 00:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) پورے پاکستان کی طرح مری میں بھی ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نےپولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ڈاکٹر اظہر محمود عباسی، ڈاکٹر محمد نعمان شوکت ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ اینڈ پاپولیشن اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال ڈاکٹر میاں اویس عالم بھی ہمراہ تھے۔

پولیو مہم آج مورخہ 13 اکتوبر سے 16 اکتوبر 2025 تک ضلع مری میں جاری رہے گی۔ اس مہم کے دوران بچوں کو وٹامن اے کے ڈرپس کے ساتھ پولیو کے قطرے بھی پلائے جائیں گے۔ ضلع بھر میں 47 ہزار 503 بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے اور وٹامن اے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس کے لیے 563 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر مری آغاء ظہیر عباس شیرازی نے اس موقع پر کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ وہ عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رہ سکیں۔ ڈی سی مری نے کہا کہ چند قطرے ہمارے بچوں کے صحت مند اور روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ والدین کو چاہیے کہ پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور کسی بھی وجہ سے کوئی بچہ ان قطروں سے محروم نہ رہے۔آغاء ظہیر عباس شیرازی نے کہا کہ پولیو ایک لاعلاج مرض ہے اور اس کا واحد حل ان حفاظتی قطروں میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ، محکمہ صحت اور پولیو ٹیمیں دن رات یہ یقینی بنانے کے لیے سرگرم عمل ہیں کہ مری کا کوئی بچہ پولیو کے خطرے میں نہ رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے ہم سب کو مل کر ایک ذمہ دار شہری کا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ جب پولیو ٹیم آپ کے دروازے پر آئے تو ان سے تعاون کریں، بچوں کو قطرے ضرور پلائیں اور ان کا حوصلہ بڑھائیں کیونکہ یہی ٹیمیں ہمارے بچوں کے محفوظ مستقبل کے لیے کام کر رہی ہیں۔ ڈی سی مری نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ صرف حکومت کا نہیں بلکہ ہم سب کا مشترکہ مشن ہے، والدین کی ذرا سی توجہ ہمارے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچا سکتی ہے۔