تجارتی جنگ میں آخری حد تک لڑیں گے، چین کا امریکا کو دوٹوک جواب

منگل 14 اکتوبر 2025 09:10

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) چین نے اعلان کیا ہے کہ وہ امریکا کے ساتھ جاری تجارتی جنگ میں "آخری حد تک لڑنے" کے لیے تیار ہے، یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے چینی مصنوعات پر مزید 100 فیصد ٹیرف عائد کرنے کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔اے ایف پی کے مطابق چینی وزارتِ تجارت کے ایک ترجمان نے کہا کہ چین کا مؤقف تجارتی جنگ کے معاملے پر بالکل واضح ہے، اگرامریکا لڑنا چاہتا ہے تو ہم آخری حد تک لڑیں گے، اور اگر مذاکرات چاہتے ہو تو ہمارے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔

یہ سخت بیان اُس وقت سامنے آیا جب ٹرمپ نے ہفتے کے اختتام پر تمام چینی مصنوعات پر اضافی ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا، جس سے دنیا کی دو بڑی معیشتوں کے درمیان کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔

(جاری ہے)

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ یہ اقدام چین کی جانب سے گزشتہ ہفتے نایاب دھاتوں کے شعبے میں وسیع برآمدی پابندیوں کے جواب میں اٹھایا گیا ہے۔ نایاب دھاتوں کی عالمی منڈی پر اس وقت چین کی اجارہ داری سمجھی جاتی ہے۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ یکم نومبر سے امریکہ ہر قسم کے "اہم سافٹ ویئر" کی برآمد پر بھی کنٹرول نافذ کرے گا۔چینی ترجمان نے واضح کیا کہ نایاب دھاتوں اور متعلقہ اشیاء پر برآمدی کنٹرول کے اقدامات چینی حکومت کا قانونی و آئینی حق ہیں، جو قومی سلامتی اور بین الاقوامی سلامتی کے تحفظ کے لیے اٹھائے گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ چین ایک ذمہ دار عالمی طاقت کے طور پر نہ صرف اپنی قومی سلامتی بلکہ عالمی اجتماعی سلامتی کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔