پیٹرول/ڈیزل ایجنسی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائی سے بڑے نقصان سے بچالیا گیا

منگل 14 اکتوبر 2025 13:25

تلہ گنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) ملتان خورد پچنند روڈ پر پیٹرول/ڈیزل ایجنسی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائی سے علاقے کو بڑے نقصان سے محفوظ بنا لیا گیا ۔ریسکیو کمانڈ اینڈ کنٹرول روم چکوال کو اطلاع موصول ہوئی کہ ملتان خورد پچنند روڈ پر واقع ایک پیٹرول اور ڈیزل ایجنسی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی ہے۔

اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 تلہ گنگ کی ایمرجنسی ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ کی جانب روانہ کر دی گئی۔ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا، ایریا کو کارڈن آف کیا اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سمدرنگ کا عمل شروع کیا۔ ابتدائی طور پر فائر ایکسٹنگوشرز استعمال کیے گئے جبکہ مقامی افراد کی مدد سے ریت اور مٹی ڈال کر آگ کو کنٹرول کیا گیا، بعد ازاں پانی کے ذریعے کولنگ کا عمل مکمل کیا گیا۔

(جاری ہے)

ریسکیو ترجمان کے مطابق آگ لگنے کی بنیادی وجہ لاپرواہی تھی۔ مزید بتایا گیا کہ ایجنسی پر ٹرالی ٹائپ فائر ایکسٹنگوشرز موجود نہیں تھے جس کے باعث آگ کے پھیلاؤ میں اضافہ ہوا اور کنٹرول کرنے میں دشواری پیش آئی۔ تقریباً 20 منٹ کی مسلسل کوششوں کے بعد ریسکیو 1122 کی ٹیم نے آگ پر مکمل قابو پا لیا۔ حادثے میں ایک شخص زخمی ہوا جسے پرائیویٹ گاڑی کے ذریعے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ آگ کے باعث ایجنسی کی چھت گر گئی تاہم ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائی نے ممکنہ بڑے سانحے سے علاقے کو محفوظ بنا لیا۔