حکومت اور نجی شعبہ کے تعاون سے معیشت کو ٹھوس اور پائیدار بنیادوں پر استوار کیا جا سکتا ہے،صدر فیصل آباد چیمبر

منگل 14 اکتوبر 2025 13:25

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) حکومت اور نجی شعبہ کے تعاون سے معیشت کو ٹھوس اور پائیدار بنیادوں پر استوار کیا جا سکتا ہے۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے سٹاف ٹریننگ انسٹیٹیوٹ خیبر پختونخوا میں زیر تربیت افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے ملکی ترقی میں فیصل آباد اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کا تعارف پیش کیا اور بتایا کہ صرف ٹیکسٹائل کا شعبہ ملکی برآمدات میں 40فیصد کا گرانقدر حصہ ڈال رہا ہے جبکہ اب یہاں ٹیکسٹائل کے علاوہ دیگر شعبے بھی تیزی سے ترقی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلاشبہ صنعتی شعبہ پر ٹیکسوں کا بوجھ زیادہ ہے جبکہ بجلی کا ٹیرف بھی بھارت، بنگلہ دیش اور ویتنام سے بہت زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت اِس کو کم کرنے کیلئے کوشاں ہے جبکہ نجی شعبہ برآمدات کیلئے نئی منڈیاں تلاش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مشکل مالی حالات کے باوجود پالیسی ریٹ کو 22سے 11فیصد کیا ہے اور توقع ہے کہ مستقبل میں مزید کمی آئے گی۔

انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کی طرف سے ملائیشیا کے دورہ کے دوران 200ملین ڈالر کا گوشت برآمد کرنے کے معاہدے کو بھی سراہا اور کہا کہ چین کو بھی گوشت برآمد کیا جا رہا ہے۔ سموگ کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں صدر چیمبر نے کہا کہ بہت سے یونٹ سولر پر منتقل ہو گئے ہیں لیکن چھوٹے یونٹوں کیلئے بڑی سرمایہ کاری ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی میں صنعتوں کا حصہ صرف 9فیصد ہے مگر سموگ کی آڑ میں صنعتوں کو بند کرنا اِس کا حل نہیں۔

فاروق یوسف شیخ نے برآمدی مصنوعات کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے نئی ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور دیا اور کہا کہ ٹیکسوں کا بوجھ کم کرنے کیلئے ٹیکس نیٹ کو بڑھانا ہوگا۔ سٹاف ٹریننگ انسٹیٹیوٹ خیبر پختونخواہ کے ڈپٹی سیکرٹری (ایڈمن) ارباب شاہِ روم نے مطالعاتی دورہ پر آئے ہوئے زیر تربیت افسران کا خیر مقدم کرنے پر فیصل آباد چیمبر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس قسم کے رابطوں سے بین الصوبائی تعلقات میں بہتری آئے گی۔

سینئر نائب صدر نوید اکرم شیخ نے کہا کہ ٹیکس زیادہ اسلئے محسوس ہوتے ہیں کہ اِن کا سارا بوجھ رجسٹرڈ اداروں پر ڈال دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ٹیکس نیٹ کو بڑھایا جائے تو اِس سے حالات بہترہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کا اصل مسئلہ خام مال کی قیمتوں کا ہے جن کے اتار چڑھاؤ سے برآمدات متاثر ہوتی ہیں۔ آخر میں انہوں نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ صدر فاروق یوسف شیخ نے ڈپٹی سیکرٹری (ایڈمن) اربا ب شاہِ روم کو فیصل آباد چیمبر کی پچاسویں سالگرہ کی خصوصی پن لگائی اور شیلڈ بھی پیش کی۔ جواباً انہوں نے بھی شیلڈ دی اور صدر فاروق یوسف شیخ، سینئر نائب صدر نوید اکرم شیخ اور نائب صدر انجینئر عاصم منیر کو خیبر پختونخواہ کی روایتی ٹوپیاں پہنائیں۔