راولپنڈی میں امن و امان کی مجموعی صورتحال میں بہتری اور مذہبی جماعت کے احتجاج کے خاتمے کے بعد شہر بھر میں معمولاتِ زندگی بحال ہو گئے

منگل 14 اکتوبر 2025 16:31

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) راولپنڈی میں امن و امان کی مجموعی صورتحال میں بہتری اور مذہبی جماعت کے احتجاج کے خاتمے کے بعد شہر بھر میں معمولاتِ زندگی بحال ہو گئے ہیں۔منگل کو راولپنڈی کی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی معمول کے مطابق ہو گئی جبکہ تجارتی مراکز، دفاتر، تعلیمی ادارے اور دیگر کاروباری سرگرمیاں بھی دوبارہ شروع ہو گئیں۔

شہریوں نے پُرامن ماحول کی بحالی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اقدامات کو سراہا۔پیر مہر علی شاہ زرعی یونیورسٹی راولپنڈی انتظامیہ نے جڑواں شہروں میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد ریگولر کلاسز کا بھی آغاز کردیا ۔دریں اثناء راولپنڈی ٹریفک پولیس کے ترجمان کے مطابق شہر کی تمام شاہراہوں پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے، فیض آباد بند ہونے کی وجہ سے ٹریفک کو ڈبل روڈ کی جانب متبادل راستے سے گزارا جا رہا ہے جبکہ مری روڈ، مال روڈ، پشاور روڈ اور تمام تحصیلوں میں ٹریفک کی روانی برقرار ہے۔

(جاری ہے)

سی ٹی او راولپنڈی فرحان اسلم نے کہا کہ لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کے دوران ٹریفک پولیس کے 1100 سے زائد جوانوں نے دن رات فرائض انجام دیئے، تمام اہلکار ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے 24 گھنٹے شاہراہوں پر موجود رہے۔ انہوں نے بہترین حکمت عملی، محنت اور ٹیم ورک کے باعث کسی ناخوشگوار واقعہ کے پیش نہ آنے پر اطمینان کا اظہار کیا اور تمام جوانوں کو شاباش دی۔سی ٹی او نے مزید کہا کہ شہریوں کے تعاون اور نظم و ضبط سے ٹریفک پلان مؤثر طور پر کامیاب ہوا، آئندہ بھی ٹریفک پولیس اسی جذبے کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیتی رہے گی۔