قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی اور پاکستان بیت المال گلگت بلتستان کے درمیان باہمی تعاون کی یادداشت پر دستخط

منگل 14 اکتوبر 2025 18:57

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) گلگت بلتستان میں سماجی تحفظ اور غربت کے خاتمے کے سلسلے میں اہم اقدام کے طور پر قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی اور پاکستان بیت المال گلگت بلتستان نے باہمی تعاون کی یادداشت پر دستخط کرلئے۔ باہمی تعاون کے سمجھوتے پر وائس چانسلر کے آئی یو پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ اور پاکستان بیت المال گلگت بلتستان کے ڈائریکٹر ڈاکٹر نثار الحق نے دستخط کئے۔

دونوں اداروں کے درمیان یہ تعاون نہ صرف سماجی بہبود کے پروگراموں کو مضبوط بنائے گا بلکہ علاقائی سطح پر غربت کے خاتمے کی جدوجہد کو نئی جہت بھی عطا کرے گا۔ دونوں ادارے مل کر انٹرنیشنل ویمنز ڈے، انٹرنیشنل ڈے فار اکنامک اینڈ سوشل ڈویلپمنٹ، انٹرنیشنل تھلیسیمیا ڈے، ورلڈ بلڈ ڈونر ڈے، ورلڈ ایڈز ڈے وغیرہ کاانعقاد کریں گے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ دونوں ادارے مل کر آئی ٹی کی تربیت اور ویمن ایمپاورمنٹ سینٹرز سمیت دیامر میں طلبہ کو بنیادی آئی ٹی کی تربیت فراہم کریں گے۔

اس کے علاوہ دونوں ادارے مل کر ایسے اقدامات کریں گے جو علاقے کی ترقیاتی ضروریات کو پورا کریں گے اور نوجوانوں کو جدید ہنر سکھا کر خود کفالت کی طرف راغب کریں گے۔وائس چانسلر کے آئی یو ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے ایم او یو کو گلگت بلتستان جیسے دور دراز علاقے میں سماجی خدمات کی رسائی کو بڑھانے میں سنگ میل قرار دیا جہاں وسائل کی کمی اور جغرافیائی چیلنجز کی وجہ سے بہت سے پروگرامز رکاوٹوں کا شکار رہتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ تعلیم اور تحقیق پر مبنی یہ تعاون نہ صرف فوری فوائد لائے گا بلکہ طویل مدتی ترقیاتی منصوبوں کی بنیاد بھی رکھے گا۔