یو این ایچ سی آر وفد کی کمشنر لورالائیسے ملاقات، پناہ گزینوں کی فلاح، تعلیم اور آئی ایف آر پی 3 پروگرام پر تبادلہ خیال

منگل 14 اکتوبر 2025 23:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) یو این ایچ سی آر وفد نے کمشنر لورالائی ڈویڑن ولی محمد بڑیچ سے ملاقات کی، ملاقات میں پناہ گزینوں کی فلاح، تعلیم اور آئی ایف آر پی 3 پروگرام پر تبادلہ خیال کیا۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزیناں (یو این ایچ سی آر)کے اعلیٰ سطحی وفد نے کمشنر لورالائی ڈویڑن، ولی محمد بڑیچ سے ملاقات کی، جس میں خطے میں مقیم پناہ گزینوں کی موجودہ صورتحال، ان کی فلاح و بہبود، تعلیمی ضروریات اورآئی ایف آر پی 3 پروگرام پر عملدرآمد سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد میں محمود خان (فیلڈ آفس لورالائی)، سوریا فواد، شازیہ امان، عالمگیر ترین، غلام جیلانی (کوئٹہ آفس) اور ادارے کے تعلیمی شراکت دار فتح محمد اور حمیرا گل شامل تھے۔

(جاری ہے)

کمشنر ولی محمد بڑیچ نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں مقیم پناہ گزینوں کی تعلیم، صحت، روزگار اور بنیادی سہولیات کی فراہمی ایک اہم انسانی ترجیح ہے۔ حکومت بلوچستان ان شعبوں میں یو این ایچ سی آر کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔

ملاقات کے دورانآئی ایف آر پی 3 پروگرام کی موجودہ پیش رفت، درپیش چیلنجز اور مستقبل کے اہداف پر بھی غور کیا گیا۔ کمشنر نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ یو این ایچ سی آر کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں تاکہ فیلڈ میں کام مزید مؤثر انداز میں انجام دیا جا سکے۔ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور فریقین نے باہمی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔