اورکزئی میں سیکیورٹی فورسز کے ٹارگٹڈ آپریشن میں 9 خوارج ہلاک

بدھ 15 اکتوبر 2025 15:37

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2025ء) سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع اورکزئی میں خوارج کے خلاف ٹارگیٹڈ کارروائی کرتے ہوئے 9 خوارج کو ہلاک کردیا۔ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع اورکزئی کے علاقے غلجو میں خوارج کے خلاف ٹارگٹ آپریشن میں 9 خوارج کو ہلاک کردیا۔ذرائع کے مطابق آخری اطلاعات تک سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری تھا۔

واضح رہے کہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے گزشتہ ہفتے بتایا تھا کہ 7 اور 8 اکتوبر کی درمیانی شب خیبرپختونخوا کے ضلع اورکزئی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کی گئی جس میں بھارتی پراکسی ’فتنہ الخوارج‘ سے تعلق رکھنے والے 19 بھارتی حمایت یافتہ خوارج واصل جہنم کر دیے گئے تھے۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں اپنے جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے ضلع راولپنڈی کے رہائشی 39 سالہ لیفٹیننٹ کرنل جنید عارف اور ان کے سیکنڈ ان کمانڈ ضلع راولپنڈی کے رہائشی 33 سالہ میجر طیب راحت سمیت دیگر 9 جوان بھی بہادری کے ساتھ لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے تھے۔

سیکیورٹی فورسز نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملے میں ملوث بھارتی حمایت یافتہ تمام 30 خوارج کو ہلاک کردیا تھا۔