قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 1 چترال میں ضمنی انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ شروع

بدھ 15 اکتوبر 2025 16:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 1 چترال میں ضمنی انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جو جمعہ تک جاری رہے گا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق کمیشن نے پشاور ہائی کورٹ کے یکم اکتوبر کے فیصلے کی روشنی میں اپنے اختیارات بروئے کار لاتے ہوئے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 1 چترال میں ضمنی انتخاب کے لئے شیڈول جاری کیا ہے۔

یہ نشست رکن قومی اسمبلی عبدالطیف کی نااہلی کی وجہ سے خالی ہوئی۔

(جاری ہے)

شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی 17 اکتوبر تک جمع کرائے جاسکیں گےجن کی جانچ پڑتال 22 اکتوبر کو ہو گی۔کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیں 27 اکتوبر تک دائر کی جاسکیں گی اور اپیلٹ ٹربیونل کی جانب سے ان پر فیصلہ 3 نومبر تک ہوگا۔نظرثانی شدہ فہرست 4 نومبر کو جاری کی جائے گی جبکہ کاغذات نامزدگی 5نومبر تک واپس لئے جاسکیں گے۔امیدواروں کو انتخابی نشانات 6نومبر کو الاٹ کئے جائیں گے جبکہ پولنگ 23 نومبر کو ہوگی۔ریجنل الیکشن کمشنر مالاکنڈ اعجازاحمدکو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر تعینات کیا گیاہے۔