قتل کیس کے سزا یافتہ مجرم کو سینٹرل جیل اڈیالہ میں سہولیات فراہم کرنے کی درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ

بدھ 15 اکتوبر 2025 16:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے قتل کیس کے سزا یافتہ مجرم کو سینٹرل جیل اڈیالہ میں سہولیات فراہم کرنے کی درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ قتل کیس میں عمر قید کی سزا کاٹنے والے مجرم کا کہنا ہے کہ انہیں جیل میں سپیریئر کلاس اور جیل میں ملاقاتوں کی سہولت نہیں دی جا رہی ، عدالت سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سمیت دیگر فریقین کو ہدایات جاری کرے۔

(جاری ہے)

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محمد اعظم خان نے قتل کیس کے سزا یافتہ مجرم محمد عرفان کی جیل سہولیات سے متعلق دائر درخواست پر سماعت کی ۔ درخواست گزار کے وکیل نوید ملک ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار قتل کے مقدمے میں 25 سال قید کی سزا کاٹ رہا ہے۔ متعدد بار سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو سپیرئیر کلاس کی سہولت مہیا کرنے کی درخواست دی مگر اسے وہ سہولیات مہیا نہیں کی جارہیں ۔ عدالت نے کہا اس پر ہم آرڈر جاری کریں گے جس کے بعد درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔