Live Updates

سندھ میں بڑھتی ہوئی بدامنی اور معاشی تباہی کی اصل جڑ کرپشن ہے ،مولانا رمضان پھلپھوٹو

بدھ 15 اکتوبر 2025 21:20

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2025ء) جمعیت علماء اسلام سندھ کے ناظم مولانا محمد رمضان پھلپوٹو نے کہا ہے کہ سندھ میں بڑھتی ہوئی بدامنی اور معاشی تباہی کی اصل جڑ کرپشن ہے جبکہ وزیراعلیٰ سندھ ہاؤس کرپشن کا گڑھ بن چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد میں جے یو آئی سندھ کے ترجمان ڈاکٹر اے جی انصاری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کے امن مارچ نے عوام میں سیاسی و سماجی شعور پیدا کیا ہے عوام اب اپنے حقوق کے لیے بیدار ہوچکے ہیں، انہوں نے کہا کہ بدامنی نے سندھ کی معیشت کو مفلوج کرکے رکھ دیا ہے آج پورا صوبہ ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر ہے اور حکمران امن و امان قائم رکھنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں، مولانا پھلپوٹو نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام سندھ کے عوام کی حقیقی جماعت ہے جو ہاری، مزدور اور کاشتکار کے حقوق کے لیے میدان میں ہے انہوں نے کہا کہ دھان، گندم، کپاس اور کھجور سمیت دیگر فصلیں آبادگاروں سے کم قیمتوں پر خریدی جاتی ہیں اور بعد میں مہنگے داموں فروخت کی جاتی ہیں جس سے سندھ کی زراعت تباہی کی طرف جارہی ہے، انہوں نے بتایا کہ ضلع خیرپور میں ہزاروں ایکڑ پر کھجور کے باغات موجود ہیں گزشتہ سال کھجور فی من 35 سے 40 ہزار روپے میں فروخت ہوئی تھی لیکن اس سال 8 ہزار روپے من بھی نہیں جس سے کاشتکار مالی طور پر تباہ ہوچکے ہیں، مولانا محمد رمضان پھلپوٹو نے مزید کہا کہ مولانا راشد محمود سومرو سندھ کے ہر بنیادی مسئلے پر آواز بلند کر رہے ہیں ان کی قیادت میں جے یو آئی سندھ سے نااہل اور کرپٹ حکمرانوں کا خاتمہ کر کے عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرے گی۔

Live سے متعلق تازہ ترین معلومات