صدر لاہور چیمبر کا انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کے فیصلے کا خیرمقدم

بدھ 15 اکتوبر 2025 23:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سفارش پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے نئی تاریخ 31 اکتوبر 2025 مقرر کر دی ہے۔صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل، سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ اور نائب صدر خرم لودھی نے حکومت پاکستان اور ایف بی آر کا شکریہ ادا کیا ہے کہ انہوں نے لاہور چیمبر کی سفارش کو تسلیم کرتے ہوئے کاروباری طبقے کو بروقت ریلیف فراہم کیا۔

صدرنے کہا کہ لاہور چیمبر نے مسلسل اس امر کی نشاندہی کی تھی کہ موجودہ ملکی صورتحال، بارڈر پر کشیدگی، سیلاب اور بجٹ میں متعارف کروائی گئی ریفارمز کی پیچیدگیوں کے باعث تاجروں اور صنعتکاروں کے لیے ریٹرن جمع کرانا مشکل ہو گیا ہے، اسی لیے تاریخ میں توسیع ناگزیر تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کا یہ فیصلہ نہ صرف کاروباری طبقے کے لیے سہولت پیدا کرے گا بلکہ اس سے زیادہ سے زیادہ افراد کو ریٹرن جمع کرانے کا موقع بھی ملے گا، جس سے ٹیکس نیٹ میں اضافہ اور قومی معیشت کو استحکام ملے گا۔

سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ اور نائب صدر خرم لودھی نے کہا کہ ایف بی آر اور حکومت کا یہ فیصلہ کاروباری طبقے کے حقیقی مسائل کو سمجھنے کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات سے حکومت اور تاجروں کے درمیان اعتماد میں اضافہ ہوگا اور رضاکارانہ ٹیکس ادائیگی کے رجحان کو فروغ ملے گا۔عہدیداران نے کہا کہ لاہور چیمبر آئندہ بھی حکومت اور کاروباری طبقے کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا رہے گا تاکہ کاروبار میں آسانی اور معاشی ترقی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔