غزہ ، جنگ بندی میں نمایاں کردارپاکستان ، سعودی عرب کا ہے،ملک خدا بخش

جمعرات 16 اکتوبر 2025 16:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2025ء) ایف پی سی سی آئی انرجی کمیٹی کے کنوینر،سینئروائس چیئرمین پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن(پی پی ڈی ای) اورچیئرمین ملک گروپ ملک خدا بخش نے غزہ میں جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی میں نمایاں کردارپاکستان اور سعودی عرب کا ہے اور اس کامیابی پرپاکستان کی پوری قوم وزیراعظم پاکستان میاں شہبازشریف،فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر اورسعودی شہزادے محمدبن سلمان کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا عالم اسلام میں اہم مقام ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے مابین ہونے والا اسٹریٹیجک دفاعی معاہد ہ دیگر مسلم ممالک کو بھی قریب لانے میں مدد دے گا جبکہ پاکستان اور سعودی عرب نے اس معاہدے کے بعد پہلی کامیابی غزہ میں جنگ بندی کی شکل میں ہوئی جہاں اسرائیل نے بدترین مظالم ڈھا رکھے تھے۔

(جاری ہے)

ملک خدا بخش نے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کو باہمی اختلافات بھلا کر یکجا ہوجانا چاہیئے کیونکہ دنیا بھر کے مسلمان اختلافات کے سبب شدید نقصان اٹھاتے رہے ہیں تاہم پائیدار امن صرف بات چیت کے ذریعہ ہی ممکن ہے۔

انہوں نے مزیدکہا کہ معاشرے میں شدت پسندی، نفرت اور انتہا پسندی کے اسباب سے بچنا مذہبی قیادت کی اولین ذمہ داری ہے۔فورم کے شرکاء نے اسلامی جمہوریہ پاکستان اور مملکتِ سعودی عرب کے درمیان طے پانے والے اسٹریٹیجک دفاعی معاہدے کو ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا۔