سیالکوٹ کو ایک نئے سیاحتی مرکز کے طور پر ابھارا جا رہا ہے، ڈاکٹر احسان بھٹہ

جمعرات 16 اکتوبر 2025 17:58

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2025ء) سیکرٹری سیاحت، آثارِ قدیمہ و عجائب گھر پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ سیالکوٹ کو ایک نئے سیاحتی مرکز کے طور پر ابھارا جا رہا ہےکیونکہ یہ علامہ اقبال کا شہر ہونے کےساتھ اپنی صنعتی عظمت اور عالمی شہرت کے باعث منفرد پہچان رکھتا ہے۔ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر احسان بھٹہ نے اپنے دورہ ڈپٹی کمشنر آفس سیالکوٹ کے موقع پر کیا۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی ، ڈائریکٹر جنرل آرکیالوجی، ڈائریکٹر کنزرویشن، ڈپٹی سیکرٹری ایڈمنسٹریشن، ریجنل منیجر پی ایس آئی سی اور کنسلٹنٹ فرم کے نمائندگان نے شرکت کی۔ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی وژنری قیادت اور سینئر وزیر برائے سیاحت و ثقافت مریم اورنگزیب کی متحرک رہنمائی میں محکمہ سیاحت پنجاب صوبے کے ثقافتی، تاریخی اور ورثہ پر مبنی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجوزہ سیالکوٹ میوزیم شہر کے تابناک ماضی اور تخلیقی شناخت کو اجاگر کرے گا۔ میوزیم میں تین خصوصی گیلریاں قائم کی جائیں گی جن میں آرکیالوجی گیلری، آرٹ اینڈ کرافٹ گیلری اور ہیروز آف سیالکوٹ گیلری شامل ہونگی جن میں سیالکوٹ کی تاریخی عظمت، فنی مہارت اور صنعتی کارناموں کو نمایاں انداز میں پیش کیا جائے گا۔اجلاس کے بعد ڈاکٹر احسان بھٹہ نے مجوزہ میوزیم سائٹ کا معائنہ کیا اور عمارت کی موجودہ حالت کا جائزہ لیا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ عمارت کو ایک ہفتے کے اندر سفید رنگ (وائٹ واش) اور تزئین و آرائش کے بعد محکمہ کے حوالے کیا جائے تاکہ میوزیم کے قیام کے عملی مراحل کا آغاز کیا جا سکے۔سیکرٹری سیاحت نے ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اور دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ سیاحت کے باہمی اشتراک سے پنجاب کے ثقافتی ورثے کی بحالی اور سیاحتی مقامات کے فروغ میں نئی راہیں کھلیں گی۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شاندار پنجاب انیشی ایٹو کے تحت حکومتِ پنجاب ایک پائیدار، جامع اور جدید سیاحتی ڈھانچے کے قیام کے لیے پرعزم ہے، جو نہ صرف ورثے کے تحفظ کو یقینی بنائے گا بلکہ ثقافت کے فروغ اور صوبے کی معاشی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔