فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی نے ایچ ای سی کے سالانہ جائزہ میں 93.87 کا شاندار کیو ایم سی اسکور حاصل کر لیا

جمعرات 16 اکتوبر 2025 22:24

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2025ء) فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے سالانہ کارکردگی جائزہ میں شاندار 93.87 کا (کیو ای سی ) اسکور حاصل کیا ہے۔ یہ کامیابی یونیورسٹی کی علمی معیار کی بلندی، ادارتی ترقی اور تعلیمی معیار کے تسلسل سے بہتر بنانے کی کوششوں کا عکاس ہے۔یونیورسٹی کی وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر بشرا مرزا اورکیو ای سی کی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر بشرا یاسمین کی قیادت میں یہ کامیابی حاصل ہوئی۔

وائس چانسلر نے ٹیم کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور معیار کے عمل کو مزید مضبوط بنانے اور بہترین تعلیمی ثقافت کو فروغ دینے کا عزم دہرایا۔ایچ ای سی کے کیو ای سی اسسمنٹ فریم ورک کے مطابق یونیورسٹی کو ادارتی کارکردگی، معیار کی یقین دہانی، تعلیمی پروگرامزاور اسٹیک ہولڈرز کی رائے سمیت کئی اہم پہلوؤں کو پرکھا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی نے ان تمام شعبوں میں بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے عالمی معیار کے مطابق اعلیٰ تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنایا۔

یہ سنگِ میل فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کو پاکستان کے ممتاز اعلیٰ تعلیمی اداروں میں برقرار رکھنے اور خواتین کو بااختیار بنانے، تحقیقی تعلیم کو فروغ دینے، اور اعلیٰ تعلیمی اصولوں کے نفاذ میں اس کی مستقل وابستگی کی عکاسی کرتا ہے۔