ْنائب وزیراعظم ایگزیکٹو اختیارات کیسے استعمال کر سکتا ہے، اسحاق ڈار کے وکیل سے معاونت طلب

کل ڈپٹی وزیر اعظم کہہ دے اسسٹنٹ وزیر اعظم بھی ہوگا، پھر کیا کریں گی ، جسٹس خادم حسین سومرو کا استفسار

جمعرات 16 اکتوبر 2025 22:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2025ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے نائب وزیر اعظم کے آئین میں دیئے گئے اختیارات سے متعلق اسحاق ڈار کے وکیل سے آئندہ سماعت پر معاونت طلب کر لی۔جمعرات کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں اسحاق ڈار کے دو عہدے رکھنے کے خلاف ایم این اے شیر افضل مروت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔درخواست گزار کے وکیل ریاض حنیف راہی نے موقف اپنایا کہ اسحاق ڈار کے پاس دو عہدے ہیں، وہ نائب وزیر اعظم بھی ہیں اور وزیر خارجہ بھی ہیں، آئین میں کہیں ڈپٹی وزیر اعظم کے عہدے کا ذکر نہیں، اسحاق ڈار سب اہم میٹنگ چیئر کر رہے ہیں۔

جسٹس خادم حسین سومرو نے ریمارکس دیئے آئین میں کہاں ہے کہ نائب وزیر اعظم ایگزیکٹو کے اختیارات استعمال کرے گا ، کل ڈپٹی وزیر اعظم کہہ دے کہ اسسٹنٹ وزیر اعظم بھی ہوگا، پھر کیا کریں گے، یہ کیسے ہو سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

عدالت نے اسحاق ڈار کے وکیل عدیل واحد سے معاملے پر معاونت طلب کرلی ۔عدالت نے وکلا سے معاونت طلب کرتے ہوئے کہا کہ فرانس، ایران اور ترکیہ میں تو ایسا ہوگا لیکن یہاں کیسے ہے وہ بتائیں ۔جسٹس خادم حسین سومرو نے ریمارکس دیئے کہ ہم نے آئین کو فالو کرنا ہے، اس پر تیاری کریں اور آئندہ سماعت پر دلائل دیں۔عدالت نے آئندہ سماعت پر نائب وزیر اعظم کے ایگزیکٹو کے اختیارات استعمال کرنے سے متعلق دلائل طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔