لاہور میں انسدادِ پولیو مہم کی رفتار تیز، 94 فیصد ہدف حاصل ، وزیراعلی کے زیرو پولیو ویژن پر عملدرآمد جاری

جمعہ 17 اکتوبر 2025 16:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے زیرو پولیو ویژن پر عملدرآمد جاری ہے۔اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کی زیرصدارت انسدادِ پولیو مہم کے چوتھے روز کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا،جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، سی ای او ہیلتھ، تمام اسسٹنٹ کمشنرز، ڈبلیو ایچ او اور این سی او سی کے مبصرین، ڈی ڈی ایچ اوز سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے سی ای او نے مہم کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ کے مطابق پولیو مہم کے دوران اب تک94 فیصد سے زائد اہداف کامیابی سے حاصل کئے جا چکے ہیں۔پہلے چار دنوں میں17 لاکھ9 ہزار 11 بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے گئے جبکہ صرف چوتھے روز 4 لاکھ 17 ہزار سے زائد بچوں کو ویکسین دی گئی۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق ناٹ اٹینڈڈ بچوں کی کوریج میں نمایاں بہتری آئی ہے، اور سپروائزرز و فیلڈ سٹاف مکمل طور پر متحرک ہیں،کسی قسم کی غلطی رپورٹ نہیں ہوئی۔

ڈپٹی کمشنر سید موسی رضا نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ویکسین سے محروم کوئی بھی بچہ نہیں رہنا چاہیے، یہ ہماری قومی ذمہ داری ہے۔انہوں نے تمام ڈی ڈی ایچ اوز کو فیلڈ میں سخت اور موثر مانیٹرنگ یقینی بنانے اور اسسٹنٹ کمشنرز کو ناٹ اٹینڈڈ بچوں کی شرح کم سے کم سطح تک لانے کی ہدایت کی۔ڈی سی لاہور نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران کسی امن و امان کے مسئلے کی صورت میں ٹیمیں براہ راست مجھ سے رابطہ کریں۔انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف کے زیرو پولیو پنجاب ویژن کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا کہ بچوں کی صحت و تحفظ کے لیے اس مہم کو قومی فریضہ سمجھ کر انجام دینا ہوگا تاکہ آئندہ نسل کو پولیو سے پاک مستقبل دیا جا سکے۔