سیلاب سروے 60 فیصد مکمل، متاثرین کو باوقار طریقے سے امداد دی جائے گی‘ پی ڈی ایم اے

جمعہ 17 اکتوبر 2025 17:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2025ء) پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب کے ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ اس وقت پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب سروے 27اضلاع میں چل رہا ہے جو 60فیصد مکمل ہو چکا ہے،تقریباً ساڑھے 11ہزار افراد اور 2200سے زائد ٹیمیں 27اضلاع میں سروے کررہی ہیں، سروے ٹیموں کو دشواریاں بھی پیش آرہی ہیں، سیلابی پانی سے گزرکر متاثرہ گھروں تک پہنچ رہی ہیں، آخری سیلاب متاثرہ فرد تک پہنچا جائے گا۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ 27اضلاع میں 2855موضع جات کو آفت زدہ قراردیا جاچکا ہے، ہم 27اکتوبر تک تمام 27اضلاع میں4754دیہات اورموضع جات کا سروے مکمل کرلیں گے، ہمیں اپنی سروے ٹیموں پر پورااعتماد ہے، تقریباً 3لاکھ 73ہزارسے زائد گھرانوں کا سروے مکمل ہوچکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ تقریباً ایک لاکھ سے زائد ہاس ہولڈ یونٹس کا نقصان رپورٹ ہوا ہے، ان1لاکھ گھرانوں میں سے 31فیصد پکے اور69فیصد کچے گھر شامل ہیں، اب تک تقریباً 10 لاکھ 49 ہزار 635 ایکٹر فصلیں تباہ اورخراب ہونے کا سروے مکمل ہوچکا ہے، چاول کی فصل 4لاکھ64ہزار584ایکڑ خراب ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے کپاس تقریباً66ہزار951ایکڑمختلف اضلاع میں خراب ہوچکی ہے،7ہزار656جانور رپورٹ ہوئے ہیں، 1950چھوٹے اورباقی بڑے جانوروں کا نقصان ہوا ہے، وزیراعلی مریم نواز بڑے جانور کے نقصان پر 5لاکھ اورچھوٹے کیلئی50ہزارروپے امداد کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ سیلابی سروے ایک اسٹرکچرڈ،شفاف اورڈیجیٹل طریقے سے کیا جارہا ہے، ڈیٹا تمام مراحل سے گزرچکا ہے، اکٹھے کیے گئے ڈیٹا کی نادرا نے تصدیق کی ہے، نادرا نے تصدیق کی ہے کہ یہ پنجاب کے مستقل شہری ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 3لاکھ 73ہزار متاثرین میں سے ڈیڑھ لاکھ سیلاب متاثرین کے ڈیٹا کی نادرا سے تصدیق ہوچکی ہے، اس وقت 75 ہزارسے زائد لوگوں کے بینک آف پنجاب میں اکائونٹ بن چکے ہیں، تقریباً 25ہزار سے زائد لوگوں کے اے ٹی ایم کارڈ بن چکے ہیں۔عرفان علی کاٹھیا نے زور دیا کہ تمام متاثرین کی عزت کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ان کے اکائونٹس میں امداد دی جائے گی، ہم اگلے ہفتے سے 15اضلاع سے امداد کی تقسیم کرنے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں تحصیل لیول پر بینک آف پنجاب کی کیمپ سائیڈ بنیں گی، کئی اضلاع میں بینک آف پنجاب کی کیمپ سائیڈ فعال ہوچکی ہے، ایک دن پہلے سیلاب متاثرین کے رجسٹرڈ موبائل نمبرز پر بینک آف پنجاب کی جانب سے پیغام بھیجا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے پنجاب اورضلعی انتظامیہ سیلاب متاثرین کو کیمپ تک آنے کیلئے ٹرانسپورٹ بھی فراہم کریں گی، بینک آف پنجاب سیلاب متاثرین کو باوقار طریقے سے امدادی پیکج فراہم کرے گا، 50ہزار روپے کی رقم کیمپ سائیڈ سے ہر متاثرہ شخص کو ملے گی، باقی رقم اے ٹی ایم اوربینک اکائونٹ میں موجود ہوگی۔

عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ متاثرین ایک دن میں 3لاکھ تک بینک آف پنجاب کے اے ٹی ایم سے رقم نکلواسکتے ہیں، پی ڈی ایم اے،نادرا اورتمام پارٹنرز24گھنٹے سیلاب متاثرین تک ان کی امانت پہنچانے کیلئے کام کررہے ہیں، اگلے ہفتے پیر سے امداد پہنچانے کا کام شروع ہوجائے گا۔