وفاقی وزارت تعلیم کا تمام تعلیمی بورڈز میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو ترکیہ کے دورے پر بھیجنے کا فیصلہ

جمعہ 17 اکتوبر 2025 22:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) وفاقی وزارت تعلیم نےپاکستان کے تمام تعلیمی بورڈز میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو ترکیہ کے دورے پر بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کا مقصدہونہار طلبہ کی قابلیت کا اعتراف،حوصلہ افزائی کرنا اور انہیں بین الاقوامی سطح پر تجربات کا موقع فراہم کرنا ہے۔ اس سلسلے میں وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے اسلام آباد میں ٹاپرز طلبہ سے ملاقات کی، ان کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں مستقبل کے لئے نیک تمناؤں سے نوازا۔

وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ یہ طلبہ قوم کا فخر ہیں اور حکومت ان کی کامیابیوں کو سراہنے کے لئے ہر ممکن اقدام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ کا دورہ نہ صرف ان کے لئے ایک اعزاز ہوگا بلکہ یہ تعلیمی، ثقافتی اور فکری حوالے سے بھی ایک یادگار تجربہ ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے والدین اور اساتذہ کے کردار کو بھی سراہا جنہوں نے ان طلبہ کی تربیت اور رہنمائی میں اہم کردار ادا کیا۔

وفاقی وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ حکومت تعلیمی میدان میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کی سرپرستی جاری رکھے گی تاکہ تعلیم کا معیار بلند ہو اور نوجوانوں میں مثبت مقابلے کا رجحان پیدا ہو۔ طلبہ نے بھی اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ یہ ان کے لئے ایک منفرد اور حوصلہ افزا موقع ہے جس سے نہ صرف ان کا اعتماد بڑھے گا بلکہ وہ پاکستان کی نمائندگی کرنے پر فخر محسوس کریں گے۔ اس سے قبل بھی بعض صوبائی حکومتیں پوزیشن ہولڈر طلبہ کو تعریفی اسناد اور بیرون ملک دوروں سے نواز چکی ہیں تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ وفاقی سطح پر اس نوعیت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔