لداخ: انتظامیہ نے مارچ کو روکنے کیلئے لہہ میں سخت پابندیاں نافذ کر دی

ہفتہ 18 اکتوبر 2025 12:28

لہہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر کے خطے لداخ کے ضلع لہہ میں نئی دلی کے مسلط کردہ لیفٹیننٹ گورنر کے ماتحت انتظامیہ نے احتجاجی مارچ کو روکنے کیلئے سخت پابندیاں نافذ کر دی ہیں۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ” لہہ اپیکس باڈی“ نے بھارتی فورسز کی فائرنگ سے گزشتہ ماہ کی 24تاریخ کو ہلاک ہونے والے چار پر امن مظاہرین کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی ، ریاستی درجے کی فراہمی ، چھٹے شیڈول کے نفاذ اور زیر حراست نوجوانوں کی رہائی کے مطالبے پر زور دینے کیلئے آج لداخ میں پر امن مارچ کی کال دے رکھی ہے ۔

تاہم ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ رومیل سنگھ ڈونک نے پرامن مارچ کو روکنے کیلئے علاقے خاص طورپر لہہ میں پابندیاں عائد کر نے کے احکامات جاری کر دیے۔ پانچ یا اس سے زائد افراد کے اکھٹا ہونے ، جلسے جلوسوں ، عوامی اجتماعات اورلائوڈ سپیکر کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ یاد رہے کہ 24ستمبر کو بھارتی فورسز نے لہہ میں مظاہرین پر گولیاں برسا کر چار افراد قتل کر دیئے تھے ۔ مووی حکومت نے لداخ خطے کے لوگوں کے حقوق کے لیے سرگرم معروف ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کو بھی بھارتی ریاست راجستھان کی جودھ پور سینٹرل جیل میں قید کررکھا ہے۔