قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ،یاسر خان کی سنچری، عامریامین کی 6وکٹیں

ہفتہ 18 اکتوبر 2025 22:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2025ء) قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے تیسرے رائونڈ کے پہلے دن کے کھیل میں یاسرخان نے سنچری سکور کرلی جبکہ عامر یامین نے 6 وکٹیں حاصل کرلیں۔ مرغزار کرکٹ گرائونڈ اسلام آباد میں ایبٹ آباد نے اسلام آباد کے خلاف پہلی اننگز میں 5 وکٹوں پر 375 رنز بنائے ،یاسرخان نے 22چوکوں اور3چھکوں کی مدد سے 173رنز سکور کیے اور ناٹ آئوٹ رہے جبکہ احمد خان نی55 رنز بنائے۔

عمران خان کرکٹ سٹیڈیم پشاور میں فاٹا کی ٹیم کراچی بلوز کے خلاف پہلی اننگز میں 312رنز بناکر آئوٹ ہوگئی ۔ محمد فاروق نے 75اور محمد سرور نے 54رنز بنائے۔ثاقب خان ۔ محمد اصغر اور مشتاق احمد کلہوڑو نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔کراچی بلوز نے جواب میں ایک گیند کھیل کر کوئی رن نہیں بنایا تھا۔

(جاری ہے)

ڈائمنڈ کرکٹ گرائونڈ اسلام آباد میں سیالکوٹ کی ٹیم لاہور وائٹس کے خلاف پہلی اننگز میں 222رنز بناکر آٹ ہوگئی۔

محسن ریاض نے 76 اور ایاز تصور نے 52 رنز سکور کیے۔ حسیب الرحمن نے 47 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ لاہور وائٹس نے کھیل ختم ہونے پر 2وکٹوں پر 38رنز بنائے تھے۔ایبٹ آباد سٹیڈیم میں فیصل آباد کی ٹیم ملتان کے خلاف پہلی اننگز میں 212رنز بناکر آٹ ہوگئی،علی شان نے 95 رنز سکور کیے،عامر یامین نے 37 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔ملتان نے کھیل ختم ہونے پر ایک وکٹ کے نقصان پر 85رنز بنائے جبکہ وقارحسین36اور زین عباس28رنز پر ناٹ آئوٹ رہے ۔

شعیب اختر کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں بہاولپور کی ٹیم پشاور کے خلاف پہلی اننگز میں 131رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔مبصرخان 48 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے جبکہ سفیان مقیم ، نیاز خان اور عامر خان نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔پشاور نے کھیل ختم ہونے پر 5وکٹوں پر 125رنز بنائے تھے۔عمران رندھاوا نے 41رنز دے کر4وکٹیں حاصل کیں۔