صدرمملکت آصف علی زرداری کی روسی فیڈریشن کے صدر ولادیمیر پیوٹن اور روسی عوام کو یوم فتح پر مبارکباد

ہفتہ 9 مئی 2026 17:13

صدرمملکت آصف علی زرداری کی روسی فیڈریشن کے صدر ولادیمیر پیوٹن اور روسی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2026ء) صدر مملکت آصف علی زرداری نے روسی فیڈریشن کے صدر ولادیمیرپیوٹن اور روسی عوام کو یوم فتح پرتہنیتی پیغام میں کہا کہ فسطائیت کے خلاف عظیم جنگ میں فتح ،روسی عوام کی عالمی جدوجہد میں دی گئی قربانیوں کی ایک پر وقار یادگار ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی کامیابی نہ صرف روسی قوم کی ہمت اور عزم بلکہ عالمی امن، سلامتی اور استحکام کے لیے ان کے کردار کی بھی علامت ہے۔

(جاری ہے)

ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ایک منصفانہ، پرامن اور قواعدوضوابط پر مبنی بین الاقوامی نظام کے لیے مشترکہ عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے نازی ازم کے خلاف جنگ میں جانیں قربان کرنے والے تمام افراد کو خراج عقیدت پیش کیا جن میں آج کے پاکستان کے سپاہی بھی شامل تھے جنہوں نے اتحادی افواج میں خدمات انجام دیں۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس تاریخی فتح کا جذبہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون، باہمی مفاہمت اور دوستی کو فروغ دیتا رہے گا۔