Live Updates

اب اقتصادی لانگ مارچ کرنا ہوگا، معرکہ ترقی نہ جیتا تو معرکہ حق کا دفاع زیادہ دیر نہیں کرسکیں گے، احسن اقبال

کسی کیپٹن یا میجر کی پوسٹنگ وزیرستان جیسے مشکل علاقے میں ہوتی ہے تو وہ اگلے ہی دن وہاں ڈیوٹی شروع کر دیتا ہے، سول آدمی کا ٹرانسفر گھر سے 5 کلومیٹر دور ہو جائے تو وہ نہیں جانا چاہتا؛ وفاقی وزیر کا تقریب سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 9 مئی 2026 15:50

اب اقتصادی لانگ مارچ کرنا ہوگا، معرکہ ترقی نہ جیتا تو معرکہ حق کا دفاع ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 مئی2026ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے دفاعی محاذ پر حاصل ہونے والی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر اب معرکہ ترقی نہ جیتا گیا تو دفاعی کامیابیاں برقرار رکھنا مشکل ہو جائے گا۔ لاہور چیمبر آف کامرس میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایک قوم بن کر دشمن کا مقابلہ کیا اور ہر محاذ پر کامیابیوں کے جھنڈے گاڑھے ہیں، مسلح افواج، حکومت اور عوام کے اتحاد نے دشمن کو عبرتناک شکست دی اور اسی فتح کی بدولت آج پاکستان امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات میں کلیدی کردار ادا کرنے کی پوزیشن میں آیا ہے۔

احسن اقبال نے 'معرکہ حق' کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کا 'آپریشن سندور' بری طرح ناکام ہوا، اور پاکستان نے اپنی عسکری برتری ثابت کی، امریکہ اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کم کرنے میں پاکستان کے کردار کی بڑی وجہ ہماری دفاعی محاذ پر کامیابی اور عالمی سطح پر ابھرتی ہوئی نئی پہچان ہے، وطن پر قربان ہونے کے جذبے نے ہی ہمیں کئی گنا بڑے دشمن پر کاری ضرب لگانے کے قابل بنایا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے معیشت کو قومی سلامتی کا لازمی جزو قرار دیتے ہوئے کہا اب وقت آ گیا ہے کہ ہم معاشی معرکہ سر کریں، اگر ہم معیشت میں پیچھے رہ گئے تو معرکہ حق کا دفاع زیادہ دیر تک ممکن نہیں رہے گا، ملکی استحکام کے لیے مضبوط معیشت ناگزیر ہے، ہمیں عوامی مسائل کے حل کے لیے انتہائی سنجیدگی سے کام کرنا ہوگا۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ جب کسی کیپٹن یا میجر کی پوسٹنگ وزیرستان جیسے مشکل علاقے میں ہوتی ہے تو وہ اگلے ہی دن وہاں پہنچ کر ڈیوٹی شروع کر دیتا ہے، اس کے برعکس ایک سول آدمی کا ٹرانسفر گھر سے 5 کلومیٹر دور دوسرے شہر ہو جائے تو وہ وہاں نہیں جانا چاہتا، جس جذبے سے پاکستان نے ایک قوم بن کر جنگیں جیتیں، اسی جذبے کے ساتھ اب ترقی اور خوشحالی کے سفر کو آگے بڑھانا ہوگا، بزنس کمیونٹی ملکی معیشت کی بحالی میں اپنا فعال کردار ادا کرے۔

Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات