Live Updates

وزیراعظم کی نوازشریف سے ملاقات، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر اعتماد میں لیا

ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی شریک تھیں، جہاں ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال سمیت علاقائی سلامتی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 9 مئی 2026 16:41

وزیراعظم کی نوازشریف سے ملاقات، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 مئی2026ء) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقہ جاتی امرا میں مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت کی ایک اہم بیٹھک ہوئی، جس میں ملکی سیاست، معیشت اور خارجہ امور سمیت اہم ترین حکومتی معاملات پر مشاورت کی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف سے ان کی رہائش گاہ جاتی امرا میں ملاقات کی، اس اہم ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی شریک تھیں، اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال سمیت علاقائی سلامتی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران معاشی ٹیم کی جانب سے مہنگائی اور حالیہ فیصلوں پر بریفنگ دی گئی، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کی وجوہات اور عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ ہونے والے معاہدوں کے تناظر میں معاشی حقائق سے آگاہ کیا، میاں نواز شریف نے پٹرولیم قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا کہ حکومت عوامی مشکلات کو کم کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات کرے، قیمتوں میں اضافے کا بوجھ غریب طبقے پر نہ ڈالا جائے اور انہیں ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جائے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ اجلاس میں مستقبل کے سیاسی منظر نامے اور انتخابی جوڑ توڑ پر بھی گفتگو ہوئی، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے آئندہ انتخابات کے حوالے سے پارٹی کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور انتخابی حکمتِ عملی طے کرنے پر اتفاق ہوا، ملاقات میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے سفارتی کردار پر بھی بات چیت کی گئی، وزیراعظم نے میاں نواز شریف کو امریکہ اور ایران کے درمیان ثالثی کے حوالے سے پاکستانی قیادت کی پسِ پردہ سفارتی کوششوں اور اب تک کی پیشرفت سے آگاہ کیا، میاں نواز شریف نے پاکستان کے اس مصالحانہ کردار کو سراہا۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات