حکومت چھاتی کے سرطان سے نمٹنے کےلیے مفت میموگرافی اور تشخیصی سہولیات فراہم کر رہی ہے، گورنر خیبر پختونخوا

اتوار 19 اکتوبر 2025 13:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2025ء) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ حکومتِ پاکستان چھاتی کے سرطان سے نمٹنے کےلئے مفت میموگرافی اور تشخیصی سہولیات فراہم کر رہی ہے جبکہ وزارتِ صحت کی سرپرستی میں ملک بھر میں بریسٹ کینسر کلینکس قائم کیے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ چھاتی کا سرطان ایک قابلِ علاج بیماری ہے جس سے بروقت تشخیص اور مناسب علاج کے ذریعے ہزاروں جانیں بچائی جا سکتی ہیں۔ چھاتی کا سرطان پاکستان سمیت دنیا بھر میں خواتین میں سب سے عام سرطان ہے اور اس کے خلاف جنگ میں سب سے مؤثر ہتھیار آگاہی، بروقت معائنہ اور تشخیص ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو باقاعدہ خود معائنہ اور سکریننگ کی ترغیب دیں تاکہ بیماری پر ابتدائی مرحلے سے ہی قابو پایا جا سکے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے لیڈی ہیلتھ ورکرز کو ابتدائی علامات پہچاننے کی خصوصی تربیت دی جا رہی ہے اور ٹیلی میڈیسن کے ذریعے دور دراز علاقوں کی خواتین کو علاج اور مشاورت کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ چھاتی کا سرطان خاموشی سے بڑھنے والی بیماری ہے، اس لیے معاشرے کو خاموشی توڑ کر آگاہی پھیلانی ہوگی۔ گورنر خیبر پختونخوا نے عالمی یومِ آگاہی برائے چھاتی کا سرطان کے موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت اور ادارے عوامی سطح پر آگاہی بڑھانے اور سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھیں گے۔