جماعت اسلامی ضلع سکھر کے زیر اہتمام کسانوں اور ہاریوں کیساتھ ہونے والی مبینہ زیادتیوں کے خلاف ریلی نکالی گئی

اتوار 19 اکتوبر 2025 19:30

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2025ء) جماعت اسلامی ضلع سکھر کے زیر اہتمام کسانوں اور ہاریوں کیساتھ ہونے والی مبینہ زیادتیوں کے خلاف کارکنان کی بڑی تعداد نے احتجاجی ریلی نکالی اور سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی دھرنا دیکر شدید نعریبازی کی مظاہرے کی قیادت امیر جماعت اسلامی ضلع سکھر زبیر حفیظ شیخ و دیگر رہنما کر رہے تھے اس موقع پر امیر جماعتِ اسلامی سکھر زبیر حفیظ شیخ نے کہا ہے کہ سندھ کے کسان بدترین معاشی دباؤ کا شکار ہیں۔

انہیں اپنی محنت کا پورا معاوضہ نہیں مل رہا جبکہ بیج، کھاد، پانی اور ڈیزل کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی غلط زرعی پالیسیوں کے باعث کسانوں کا استحصال جاری ہے، اور منڈیوں میں مڈل مین کسانوں سے ان کی محنت کا جائز حصہ چھین رہے ہیں۔

(جاری ہے)

کسان دن رات محنت کرتے ہیں مگر انہیں ان کی فصلوں کی مناسب قیمت نہیں دی جاتی،زبیر حفیظ نے کہا کہ جماعتِ اسلامی سندھ نے آج صوبائی امیر کاشف سعید شیخ کی اپیل پر کسانوں کے حقوق کے لیے سندھ بھرمیں بھرپور احتجاج کیا ہے۔

مظاہروں میں بڑی تعداد میں کسانوں نے شرکت کی اور اپنے حق کے لیے آواز بلند کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر گنے، کپاس، گندم اور دھان سمیت تمام فصلوں کے منصفانہ نرخ مقرر کرے اور ادائیگی کے نظام میں شفافیت لائے۔انہوں نے کہا کہ جماعتِ اسلامی سندھ کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے، اور ان کے حقوق کے حصول تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔ جماعتِ اسلامی ہر فورم پر کسانوں کے مقدمے کو اجاگر کرتی رہے گی تاکہ صوبے کی زرعی معیشت کو تباہی سے بچایا جاسکے اور کسانوں اور چھوٹے زمینداروں کے معاشی قتل عام کو روکا جاسکے۔ انھوں نے کہا کہ اگر حکومت نے درست طور پر کردار ادا نہ کیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔