پاکستان انٹرنیشنل اسکول عزیزیہ، جدہ میں چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد

پیر 20 اکتوبر 2025 02:00

جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2025ء) پاکستان انٹرنیشنل اسکول عزیزیہ، جدہ میں خواتین کی صحت کے حوالے سے چھاتی کے سرطان کی بروقت تشخیص اور بچاؤ سے متعلق آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا۔اس تقریب میں بڑی تعداد میں خواتین نے شرکت کی اور موضوع میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔تقریب کی مہمانِ خصوصی بیگم خالد مجید، اہلیہ قونصل جنرل پاکستان جدہ، نے خواتین کی صحت و بہبود سے متعلق مفید اور بامقصد پروگرام کے انعقاد پر اسکول انتظامیہ کو سراہا۔

اس موقع پر پرنسپل عتیق الرحمٰن نے اپنے خطاب میں کہا کہ کسی بھی قوم کی ترقی اور خوشحالی میں خواتین کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے، اور صحت مند ماں ہی ایک صحت مند معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے۔ڈاکٹر ارشداللہ خان، جو سعودی عرب میں مقیم ایک معروف پاکستانی سرجن ہیں نے اپنی گفتگو میں کہا کہ چھاتی کے سرطان کے بارے میں آگاہی بیماری سے بچاؤ اور اس کے خلاف جدوجہد کا سب سے مؤثر ذریعہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ہر آٹھ میں سے ایک خاتون اس مرض میں مبتلا ہوتی ہے، جو جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ شرحِ واقعات ہے۔ ڈاکٹر خان نے کہا کہ عوامی آگاہی، بروقت تشخیص اور فوری علاج اس مرض کے خلاف سب سے مؤثر ہتھیار ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ چالیس سال سے زائد عمر کی خواتین کو باقاعدگی سے خود معائنہ کرانا چاہیے اور اگر کسی قسم کی غیر معمولی تبدیلی یا گٹھلی محسوس ہو تو فوراً ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ چھاتی کے سرطان کا خطرہ عمر کے ساتھ بڑھتا ہے، تاہم یہ مرض کم عمر خواتین کو بھی متاثر کر سکتا ہے، لہٰذا ہر عمر میں ابتدائی تشخیص نہایت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو اپنی صحت کے حوالے سے باہوش اور فعال رہنا چاہیے اور خود معائنہ اور میموگرافی کو معمول بنانا چاہیے۔شرکاء نے سیمینار کے انعقاد کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اس نوعیت کے آگاہی پروگرام بار بار منعقد کیے جائیں تاکہ خواتین بیماری سے بچاؤ اور بروقت علاج کے مؤثر طریقے بہتر طور پر سمجھ سکیں۔آخر میں پرنسپل عتیق الرحمٰن نے ڈاکٹر ارشداللہ خان کو صحت عامہ کے فروغ کے لیے ان کی قیمتی خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈ پیش کی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔