پنڈی ٹیسٹ: پاکستان نے چائے کے وقفے پر 3 وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز بنالیے

کپتان شان مسعود 77 رنز پر ناٹ آئوٹ، بابر اعظم پوویلین واپس لوٹ گئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 20 اکتوبر 2025 14:44

پنڈی ٹیسٹ: پاکستان نے چائے کے وقفے پر 3 وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز بنالیے
راولپنڈی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 اکتوبر 2025ء ) پاکستان کی جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری ہے اور گرین کیپس نے چائے کے وقفے پر 3 وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز بنالیے ہیں۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا۔

پاکستان کی پہلی وکٹ 35 رنز پر گرگئی، امام الحق سترہ رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ عبداللہ شفیق 57 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، بابر اعظم ایک بار پھر لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام نظر آئے اور صرف 16 رنز ہی بناسکے۔ قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا تھا آج کے میچ کے لیے ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، ٹیم میں آصف آفریدی کو شامل کیا ہے جبکہ حسن علی کو آرام دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی جانب سے آصف آفریدی ٹیسٹ ڈیبیو کریں گے، شاہین آفریدی نے آصف آفریدی کو ٹیسٹ کیپ دی۔ آصف آفریدی نے 39 سال 299 دن کی عمر میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا۔ جنوبی افریقا کے کپتان ایڈن مارکرم کا کہنا تھا ہم ٹاس جیتتے تو بیٹنگ ہی کرتے، پنڈی ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں، کیشو مہاراج، مارکو جینسن کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی سبقت حاصل ہے، پاکستان نے لاہور ٹیسٹ میں جنوبی افریقا کو 93 رنز سے شکست دی تھی۔