اوکاڑہ ،وزیر اعلی پنجاب نے سیلاب متاثرین میں چیک تقسیم کئے

پیر 20 اکتوبر 2025 23:12

اوکاڑہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2025ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں سیلاب آیا تو ہم نے کوئی رونا دھونا ، واویلا نہیں کیا ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ہر موقع پر حوصلہ بڑھایا اور مجھے شاباش دی وزیراعظم نے کہا کہ آپ نے سیلاب متاثرین کی بہت خدمت کی ہے نہ دن کا چین دیکھا اور نہ رات کی نیند دیکھی سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے 100 ارب روپے خرچ کرنے جا رہے ہیں ،پنجاب کے خزانے میں جو پیسہ ہے عوام کا ہے۔

ان خیالات کا اظہار مریم نواز شریف نے اوکاڑہ کی تحصیل دیپال پور میں واقعہ ڈی پی ایس سکول کی گراؤنڈ میں سیلاب متاثرین کو چیک دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ اب تک سیلاب متاثرین کے 71 ہزار بینک اکاؤنٹ کھولے جا چکے ہیں متاثرین سیلاب کی مالی مدد کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بدترین سیلاب کے بعد ہم اج اتنی جلدی متاثرین کی بحالی کے اغاز کا دن دیکھ رہے ہیں تاریخ کے بدترین سیلاب میں نہ آپ کی بیٹی اور نہ حکومت آرام سے بیٹھی۔

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ اب تک متاثرین سیلاب کے لیے 70 فیصد سروے مکمل ہو چکا ہے دیگر پر کام جاری ہے سیلاب قیامت کا منظر تھا ۔انہوں نے کہا کہ جب تک متاثرہ ہر شخص گھروں کو نہیں جاتا آرام سے نہیں بیٹھوں گی ۔ اس سے پہلے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف جب ہیلی کاپٹر پر اوکاڑہ دیپال پور پہنچیں تو ہیلی پیڈ پر وفاقی وزیر آبی وسائل میاں معین خان وٹو صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی کمشنر ساہیوال ار پی او ساہیوال ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ اور ڈی پی او محمد راشد ہدایت سمیت دیگر افسران اور ممبران صوبائی اسمبلی نے استقبال کیا ۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے تقریب کے آخر میں سیلاب متاثرین میں چیک تقسیم کیے۔\378