مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کی جانب سے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ

پیر 20 اکتوبر 2025 20:46

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2025ء) مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے چیئرمین خواجہ سلیمان و دیگر عہدیداروں نے ایف بی آر سے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کر دیا۔

(جاری ہے)

جنوبی پنجاب کے صدر شیخ جاوید اختر، ملتان کے صدر خالد محمود قریشی اور دیگر تاجر رہنماؤں کے ہمراہ اپنے مشترکہ بیان میں خواجہ سلیمان کا کہنا تھا کہ تاریخ میں توسیع نہ کرنے سے سیلاب سے متاثر ہونے والے تاجروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر اور جنوبی پنجاب کے کئی اضلاع میں معمولات زندگی مفلوج ہوئی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی طویل بندش نے بھی ای فائلنگ کے نظام کو متاثر کیا ہے اور متعدد تاجر اب تک اپنی ریٹرنز مکمل ہی نہیں کر سکے جو ان کےلئے غیر ضروری ذہنی دباو کا باعث بن رہا ہے،اس صورتحال میں تاجر طبقہ حکومت سے فوری ریلیف کا مطالبہ کرتا ہے۔