ہنگری کا روسی توانائی کی درآمدات پر یورپی یونین کی پابندی کو روکنے کے لیے قانونی کارروائی کر نے کا اعلان

منگل 21 اکتوبر 2025 17:28

لکسمبرگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2025ء) ہنگری کے وزیر خارجہ پیٹر سیجارتو نے کہا ہے کہ ان کا ملک روسی توانائی کی درآمدات پر یورپی یونین کی پابندی کو روکنے کے لیے قانونی کارروائی کرے گا۔لکسمبرگ میں گفتگو کے دوران پیٹر سیجارتو نے کہا کہ ہنگری یورپی یونین کو روسی توانائی کی درآمدات پر پابندی لگانے کی تجویز کو منظور کرنے سے روکنے کے لیے تمام سیاسی اور قانونی طریقے اپنائے گا۔

انہو ں نے کہا کہ اس منصوبے کی منظوری یورپی یونین کے قانون کی صریح خلاف ورزی ہے،درحقیقت یہ تعزیری اقدام ہے جس کے لیے اہل اکثریت کے بجائے متفقہ منظوری درکار ہوتی ہے، اگرچہ ہنگری نے اس اقدام کے خلاف ووٹ دیا لیکن یورپی کونسل نے اسے اہل اکثریت سے منظور کر لیا۔پیٹر سیجارتو کا کہنا تھا کہ ہنگری کی حکومت روسی توانائی کی درآمدات پر پابندی کو روکنے کے لیے قانونی ذرائع کا استعمال کر سکتی ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹس کے مطابق یورپی یونین کے اس قانون کے مسودے کا مقصد یکم جنوری 2028 تک یورپی یونین کی طرف سے روسی پائپ لائن گیس اور مائع قدرتی گیس کی درآمد کو مکمل طور پر بند کرنا ہے۔ یکم جنوری 2026 سے یورپی یونین اپنے اراکین کو روس کے ساتھ نئے گیس درآمدی معاہدے سے روکے گی، اس تجویز کو یورپی پارلیمنٹ سے منظوری کی بھی ضرورت ہے۔