چین کے ساتھ اچھا رہنا چاہتا ہوں، صدر ٹرمپ

چین کے ساتھ منصفانہ تجارتی معاہدے تک پہنچنا ترجیح ہے،امریکی صدر

منگل 21 اکتوبر 2025 17:33

چین کے ساتھ اچھا رہنا چاہتا ہوں، صدر ٹرمپ
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2025ء) امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ چینی ہم منصب شی جن پنگ کے ساتھ اپنے تعلقات بہت پسند ہیں، چین کے ساتھ اچھا رہنا چاہتا ہوں۔ایک بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا مجھے لگتا ہے کہ ہم چین کے ساتھ ٹھیک رہیں گے، چین تائیوان پر حملہ نہیں کرنا چاہتا، اگلے سال کے شروع میں چین کا دورہ کروں گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا میری ترجیح چین کے ساتھ منصفانہ تجارتی معاہدے تک پہنچنا ہے، توقع ہے اس ماہ کے آخر میں صدر شی جن پنگ کے ساتھ جنوبی کوریا میں تجارتی معاہدہ طے پا جائے گا۔ان کا کہنا تھا میں چین کے ساتھ اچھا رہنا چاہتا ہوں، مجھے چینی صدرکے ساتھ اپنے تعلقات بہت پسند ہیں، ہمارے تعلقات بہت اچھے ہیں۔

(جاری ہے)

غزہ امن معاہدے کے حوالے سے امریکی صدر کا کہنا تھا حماس کو اسرائیل کے ساتھ غزہ جنگ بندی کے معاہدے کا احترام کرنے کا موقع دیں گے، لیکن اگر حماس معاہدے کی پاسداری کرنے میں ناکام رہی تو حماس کو ختم کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ امریکی افواج حماس کے خلاف لڑائی میں شامل نہیں ہوں گی، اگر میں نے اسرائیل کو غزہ کے اندر جانے کا کہا تو وہ دو منٹ میں غزہ میں داخل ہو جائیں گے، ابھی ہم نے اسرائیل کو غزہ میں داخل ہونے کا نہیں کہا، ہم حماس کو تھوڑا سا موقع دینے جا رہے ہیں اور امید ہے کہ تشدد کچھ کم ہوگا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا آپ جانتے ہیں وہ پرتشدد لوگ ہیں، حماس اب بہت کمزور ہو چکی ہے۔