امبار کوتاترپ میں آدم کور عمائدین کا جرگہ ،سراج خان لیز کی تجدید کی مکمل حمایت کااعلان

منگل 21 اکتوبر 2025 22:04

مہمند (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2025ء) تحصیل امبار کوتاترپ میں آدم کور عمائدین کا جرگہ منعقد ہوا جس میں سراج خان لیز کی تجدید کی مکمل حمایت کااعلان کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق قبائلی ضلع مہمند تحصیل امبار کوتاترپ حجرہ ملک حاجی گل فراز خان کے حجرہ میں گزشتہ روز آدم کور عمائدین کا ایک جرگہ منعقد ہوا جس میں آدم کور کے تمام شاخوں کے مشران، عوام اور حاجی سراج خان گروپ آف کمپنیز کے نمائندوں نے شرکت کی۔

جس سے خطاب کرتے ہوئے سابق امیدوار صوبائی اسمبلی مولانا گلاب نور ، حاجی گل فراز خان ، ملک سیدولی شاہ، ملک سرور خان، ڈاکٹر گل، حاجی سراج خان کمپنی کے نمائندوں مختیار خان، امداد جان اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے آدم کور نیپرائٹ مائن لیز کی تجدید کو درست اور قومی معاہدے کے عین مطابق قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقہ امبار میں حاجی سراج خان نے سال 2014 میں قوم کے ساتھ 300 ایکڑ پہاڑ پر نیپرائٹ لیز کا معاہدہ کیاہے۔

جس سے علاقے میں معدنیات کی سرمایہ کاری بڑھ گئی اور تا حال خوش اسلوبی سے مائننگ جاری ہے۔ مقررین نے کہا کہ صوبے میں انضمام کے بعد مائننگ کو صوبے کے معدنیات پالیسی کے مطابق کرنے کے لئے سراج خان مائن کو پچاس پچاس ایکڑ میں تبدیل کرکے رینیول کرادی اور سراج خان گروپ آف کمپنیز کے تحت دستاویزات درست کرلئے۔ جس پر قوم کو کوئی اعتراض نہیں۔

مگر چند افراد نے اس کو سوشل میڈیا پر غلط رنگ دے کر لیز کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی۔ اور قوم کا نام دے کر پروپیگنڈہ شروع کردیا۔ جس میں کوئی صداقت نہیں۔ عمائدین نے کہا کہ آدم کور کے عوام معاہدے کے تحت سراج خان اور ان کی کمپنیوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ اور منفی پروپیگنڈہ کرنے والے ذاتی مفاد کے لئے علاقے میں معدنیات کا روزگار متاثر کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

مگر آدم کور کے مشران و کشران ان کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ جرگے میں لیز ہولڈر سراج خان کی طرف سے قوم کے لئے ایک کروڑ پچاس لاکھ روپے نقد اعزازیہ دینے اور مقامی بازار کے لئے ایک واٹر سپلائی سکیم سولر ڈگ ویل تعمیر کرنے کا اعلان کیا۔ جس پر آدم کور کے عمائدین نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مکمل تعاون جاری رکھنے کا اعلان کیا ۔