جموں کے شہداء کا خون کبھی رائیگاں نہیں جانے دینگے،سمعیہ ساجد

جموں کے مسلمانوں کی نسل کشی جو جولائی 1947 سے شروع ہوئی اور نومبر تک جاری رہی، آج بھی انسانیت کے ماتھے پر بد نما داغ ہے

اتوار 9 نومبر 2025 13:15

دھیرکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2025ء) مرکزی چیئرپرسن مسلم کانفرنس خواتین ونگ اور چیئرپرسن کشمیر ویمن الرٹ فورم (کواف) محترمہ سمعیہ ساجدنے کہا ہے کہ نومبر کا مہینہ ان عظیم کشمیری مسلما نوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے ریاست جموں وکشمیر کی آزادی اور اس کے پاکستان سے الحاق کیلئے اپنی قیمتی جانوں کی قربانیاں دیں۔جموں کے مسلمانوں کی نسل کشی جو جولائی 1947 سے شروع ہوئی اور نومبر تک جاری رہی، آج بھی انسانیت کے ماتھے پر بد نما داغ ہے۔

جموں کے شہداء کا خون کبھی رائیگاں نہیں جانے دینگے۔انھوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے مسلمانوں نے نومبر1947میں دو قومی نظریے کے تحت ’’پاکستانیت‘‘ کا جو عملی مظاہرہ کیا وہ پوری ملت اسلامیہ کے لئے ایک مثال اور اہلیان پاکستان کے لئے مشعل راہ ہے۔

(جاری ہے)

سمعیہ ساجدنے کہا کہ اس وقت کی مسلمہ کشمیری قیادت جو رئیس الاحرار قائدملت چوہدری غلام عباس اور انکے رفقاء کار پر مشتمل تھی نے ریاست جموں وکشمیر کی سواد اعظم آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے پلیٹ فارم سے قیام پاکستان سے 23دن قبل ایک متفقہ قرارداد جسے قراردادِ الحاق پاکستان کے نام سے جانا جاتا یے کے ذریعے ریاست کی تقدیر کو پاکستان کے ساتھ وابستہ کیا تھا۔

یہی وہ پس منظر تھا جس کی بنیاد پر مہاراجہ اور اس کے اتحادیوں نے ایک شیطانی منصوبہ تیار کیا کہ مسلمانوں کو یا تو ختم کردیا جائے یا اس خطے سے ہمیشہ کے لیے بے دخل کر دیا جائے۔شہدا جموں نے اپنی جانوں کی قربانیاں دیکر یہ ثابت کیا کہ کشمیری تکمیل پاکستان اورآزادی کشمیر کی آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام نے بھارت کا کشمیر پر جابرانہ قبضہ تسلیم کیانہ کرینگے، یہ شہداء جموں کی قربانیوں کا نتیجہ ہیکہ کشمیر کی تحریک آج بھی زوروں پرہیاوربھارت کامذموم چہرہ دنیا میں بے نقاب ہوچکاہے، کشمیریوں نے تہیہ کارکھا ہیکہ جب تک کشمیرمکمل آذاد نہیں ہوجاتااسوقت تک تحریک جاری رہے گی اور آج یوم شہداء جموں کے موقع پر پر ہم شہداء کشمیر کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ کشمیریوں کو حق خودارادیت ملنے تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے دھیرکوٹ چڑالہ کے مقام پر مسلم کانفرنس کے متحرک و فعال رہنما اور سابق میئر سلاو سردار امجد عباسی کی رہائشگاہ پر ان کے والدین و اہلِ خانہ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ محترمہ سمعیہ ساجد نے سردار امجد عباسی کے چھوٹے بھائی افکار عباسی کی شادی پر دلی مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

انہوں کا مزید کہنا تھا کہ سردار امجد عباسی کی والدہ ماجدہ کے حوصلے، عزم اور تحریک آزادی کے ساتھ وابستگی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آپ جیسی باہمت مائیں معاشرے کا اصل سرمایہ ہیں، آپ کے جذبے سے نہ صرف اپنی اولاد بلکہ ہم سب خواتین کے حوصلے بھی بلند ہوتے ہیں۔محترمہ سمعیہ ساجد نے مزید کہا کہ مسلم کانفرنس کے کارکنان اور ان کے اہلِ خانہ جماعت کا قیمتی اثاثہ ہیں، جن کے اخلاص اور خلوص نے ہمیشہ تنظیمی بنیادوں کو مضبوط کیا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ نومِسرت جوڑے کو خوشیوں، کامیابیوں اور محبتوں بھری زندگی عطا فرمائے۔