سندھ حکومت کے زیر اہتمام منعقدہ سندھ ای اسپورٹس چیمپئن شپ کا شاندار اختتام

ویلورینٹ کے فائنل میں ٹیم گیم تھیوری نیکامیابی حاصل کرتے ہوئے چیمپئن کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا

اتوار 23 نومبر 2025 19:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2025ء) سندھ حکومت کے زیر اہتمام منعقدہ سندھ ای اسپورٹس چیمپئن شپ کا شاندار اختتام ہوگیا، جہاں ویلورینٹ کے فائنل میں ٹیم گیم تھیوری نیکامیابی حاصل کرتے ہوئے چیمپئن کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ ایونٹ کی مجموعی انعامی رقم 15 لاکھ روپے رکھی گئی تھی جسے مختلف پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں میں تقسیم کیا گیا. ترجمان کے مطابق دلچسپ مقابلوں کے دوسرے رانڈ میں ٹیم لیجن نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم واہ واہ کو شکست دی اور 5 لاکھ روپے نقد انعام اور ٹرافی حاصل کی. ترجمان نے کہا کہ تقریب میں اعلان کیا گیا کہ فائنل کی پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 5 لاکھ روپے جبکہ دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی دونوں ٹیموں کو ڈھائی ڈھائی لاکھ روپے انعام دیا گیا۔

(جاری ہے)

انعامات کی تقسیم کے لیے منعقدہ تقریب میں مہمان خصوصی وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر، سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر اور دیگر اعلی حکام شریک ہوئے۔ تقریب میں وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی راجویر سنگھ سوڈھا، جنید بلند، پارلیمانی سیکریٹری صائمہ آغا، ڈائریکٹر اسپورٹس اسد اسحاق، سندھ بینک کے سید اسد شاہ، ڈپٹی ڈائریکٹر حبیب اللہ، ڈی ایس او فرید علی سمیت کراچی کے تمام ڈی ایس اوز اور ہزاروں نوجوانوں نے شرکت کی۔

خطاب کرتے ہوئے سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ ای اسپورٹس چیمپئن شپ 2025 کا انعقاد چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کا حصہ ہے،سیاسی مصروفیات کے باعث بلاول بھٹو زرداری تقریب میں شریک نہ ہوسکے، تاہم ان کے وژن کے مطابق اس ایونٹ میں 400 سے زائد ٹیموں اور 2,500 کھلاڑیوں نیحصہ لیا۔وزیرکھیل سردارمحمد بخش مہر نے اعلان کیا کہ سندھ ای اسپورٹس چیمپئن شپ 2025 کو سالانہ بنیادوں پر سندھ کے اسپورٹس کیلنڈر میں شامل کیا جا رہا ہے اور آئندہ اس سے بڑا ایونٹ منعقد کیا جائے گا۔

ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ اگلے سال 15 لاکھ روپے کی انعامی رقم میں اضافہ بھی کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں نیشنل گیمز کراچی کے ساتھ صوبے کے دیگر شہروں میں بھی منعقد کرائے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کا یقین ہیکہ ای اسپورٹس مستقبل کی ایک بڑی انڈسٹری بن سکتی ہے، اسی لیے سندھ حکومت نوجوانوں کو اس شعبے میں جدید مواقع فراہم کر رہی ہے۔تقریب کے اختتام پر وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر نے فائنل جیتنے والی ٹیموں میں کیش انعامات، ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کیے اور نوجوانوں کے ساتھ کچھ وقت ویڈیو گیمز بھی کھیلیں۔