پنجاب کے وزیر محنت و افرادی قوت کا سوشل سکیورٹی ہسپتال سیالکوٹ کا دورہ، اپ گریڈیشن اور ری ویمپنگ منصوبے پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت

جمعہ 12 دسمبر 2025 14:00

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2025ء) صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب محمد منشاء اللہ بٹ نے سوشل سکیورٹی ہسپتال سیالکوٹ کا اچانک دورہ کیا، انہوں نے ہسپتال میں جاری اپ گریڈیشن اور ری ویمپنگ کے منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر نے کام کی کوالٹی چیک کی اور متعلقہ حکام کو منصوبے کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔

سوشل سکیورٹی ہسپتال سیالکوٹ کے میڈیکل سپرانٹنڈنٹ(ایم ایس) ڈاکٹر طارق بشیر نے صوبائی وزیر کو منصوبے کے مختلف حصوں پر بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر نے باؤنڈری وال، ایمرجنسی وارڈ اور ہسپتال کے دیگر تعمیراتی و بحالی کے کاموں کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے سوشل سکیورٹی ہسپتال اور قائداعظم پبلک سکول کے سامنے سیوریج کے کھڑے پانی کا نوٹس لیتے ہوئے پکی کوٹلی سے نالہ ایک تک نکاسیٔ آب کی نئی اسکیم تیار کرنے کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں ایکسئن پبلک ہیلتھ کو موقع پر طلب کرکے فوری ہدایات جاری کی گئیں۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے تحت بستروں کی تعداد 50 سے بڑھا کر 100 کر دی گئی ہےجبکہ جدید طبی سہولیات کے ساتھ نئی ایمرجنسی وارڈ کا اضافہ بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپ گریڈیشن اور ری ویمپنگ کا منصوبہ تین ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق مزدوروں اور محنت کش طبقے کو معیاری اور جدید طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اس موقع پر مزدور رہنما میاں محمد اقبال نے کہا کہ محمد منشاء اللہ بٹ نے ہسپتال میں سہولیات کی فراہمی کی بابت ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرکے ثابت کردیا ہے وہ محنت کشوں کے حقوق کے ضامن ہیں۔