راولپنڈی پولیس کی رواں سال کے دوران مؤثر حکمت عملی، جرائم کی شرح میں نمایاں کمی

اتوار 14 دسمبر 2025 15:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2025ء) راولپنڈی پولیس کی رواں سال کے دوران مؤثر حکمت عملی اور بہترین پیشہ وارانہ کارکردگی کے باعث جرائم کی شرح میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اتوار کو پولیس ترجمان کے مطابق سال 2023 اور 2024 کی طرح سال 2025 میں بھی جرائم پر مؤثر کنٹرول برقرار رکھا گیا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔

ترجمان پولیس کے مطابق ڈکیتی معہ قتل کے مقدمات میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 52 فیصد، اغواء برائے تاوان کے مقدمات میں 40 فیصد جبکہ چوری کے واقعات میں 34 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ گاڑیاں چھیننے کے واقعات میں 54 فیصد کمی ہوئی اور رواں سال کے آخری تین ماہ کے دوران کار سنیچنگ پر مکمل کنٹرول حاصل کیا گیا۔ اسی طرح دیگر وہیکلز سنیچنگ کے واقعات میں 85 فیصد اور موٹر سائیکل سنیچنگ میں 33 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

(جاری ہے)

گاڑیوں اور موٹر سائیکل چوری کے مقدمات میں بالترتیب 45 فیصد اور 8 فیصد کمی سامنے آئی ہے۔ رواں سال اندھے قتل کے مقدمات میں 29 فیصد جبکہ قتل کے مجموعی مقدمات میں 6 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ معزز عدالتوں سے قتل کے 55 مقدمات میں 81 ملزمان کو سزائیں سنائی گئیں جن میں 40 ملزمان کو سزائے موت اور 34 ملزمان کو عمر قید کی سزا دی گئی۔ جرائم برخلاف املاک میں کمی کے باعث 15 کالز ڈیٹا کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں 28 فیصد کم کالز موصول ہوئیں۔

رواں سال 452 سے زائد گینگز کے 1121 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن سے 44 کروڑ روپے سے زائد مالیتی اشیاء، 89 گاڑیاں اور 1492 سے زائد مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔ منشیات کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کے دوران 2417 منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے 65 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کی گئی۔ ان کارروائیوں میں 42 من کے قریب چرس، 31 کلوگرام سے زائد ہیروئن، 27 کلو سے زائد آئس، 2 کلو سے زائد افیون اور 20 ہزار لیٹر سے زائد شراب برآمد ہوئی۔

معزز عدالتوں سے 219 منشیات فروشوں کو 10 سے 20 سال تک کی سزائیں سنائی گئیں۔ ناجائز اسلحہ کے خلاف کارروائیوں میں 1472 مقدمات درج کر کے 1514 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن سے 46 کلاشنکوف، 1295 سے زائد پسٹل، 86 رائفلیں اور ہزاروں کی تعداد میں گولیاں برآمد ہوئیں۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ رواں سال نیشنل اور انٹرنیشنل کرکٹ ایونٹس کے دوران فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جرائم کی شرح میں مزید کمی کے پیچھے راولپنڈی پولیس کے ہر افسر اور جوان کی محنت شامل ہے۔ جرائم کی روک تھام پولیس کی اولین ترجیح ہے جسے ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ ترجمان کے مطابق راولپنڈی پولیس شہریوں کو پرامن اور محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے ہمہ وقت مصروف عمل ہے۔