اسپین میں تیز رفتار ٹرینوں کا تصادم، ہلاکتوں کی تعداد اب 39

DW ڈی ڈبلیو پیر 19 جنوری 2026 15:20

اسپین میں تیز رفتار ٹرینوں کا تصادم، ہلاکتوں کی تعداد اب 39
  • اسپین میں تیز رفتار ٹرینوں کا تصادم، ہلاکتوں کی تعداد اب 39

اسپین میں تیز رفتار ٹرینوں کا تصادم، ہلاکتوں کی تعداد اب 39

اسپین میں گزشتہ ایک دہائی کے دوران کے بدترین ٹرین حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 39 ہو گئی ہے۔ ہسپانوی وزیر داخلہ کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔
ہسپانوی حکام کے مطابق اسپین کے جنوبی حصے میں ایک تیز رفتار ٹرین پٹری سے اتر گئی جس کے وہ دوسری ٹرین اس سے ٹکرا گئی۔

اس حادثے میں کم از کم 39 افراد ہلاک اور 120 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے میں ملک کا یہ بدترین ٹرین حادثہ ہے۔ یہ 2013ء کے بعد مہلک ترین حادثہ ہے، جب شمال مغربی شہر سینٹیاگو ڈی کومپوسٹیلا کے باہر موڑ پر ٹرین کے اترنے سے 80 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

(جاری ہے)


اسپین میں تازہ حادثہ اتوار کی شام اس وقت پیش آیا جب ریلوے کمپنی ’ایریو‘ کی ایک ٹرین، جو مالاگا سے میڈرڈ جا رہی تھی، اندلس میں ایڈاموز کے قریب پٹری سے اتر گئی۔

پٹری سے اترنے کے بعد یہ دوسری پٹری پر چلی گئی جہاں یہ سامنے سے آنے والی ٹرین سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں وہ ٹرین بھی پٹری سے اتر گئی۔
اسپین کے وزیر ٹرانسپورٹ آسکر پوینٹے نے بتایا کہ کم از کم 39 افراد ہلاک ہوئے ہیں، انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ ہلاکتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر مزید کہا، ’’میں رات بھر انتہائی مشکل حالات میں ریسکیو ٹیموں کے زبردست کام پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔‘‘
وزارت داخلہ کے مطابق، تقریباً 123 دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے پانچ کی حالت انتہائی تشویشناک اور 24 کی حالت تشویشناک ہے۔

ادارت: شکور رحیم