رانا مشہود سے ایس اے او سی وفد کی ملاقات، 14ویں جنوبی ایشیائی کھیلوں کی تیاریوں کا جائزہ لیاگیا

پیر 24 اگست 2026 20:14

رانا مشہود سے ایس اے او سی وفد کی ملاقات، 14ویں جنوبی ایشیائی کھیلوں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اگست2026ء) چیئرمین وزیرِاعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان سے جنوبی ایشیا اولمپک کونسل (ایس اے او سی)کے ایک وفد نے وزیرِاعظم ہاس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں 14ویں جنوبی ایشیائی کھیلوں کی تیاریوں اور پاکستان میں نوجوانوں اور کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے مختلف امور پر بات چیت کی گئی۔

ملاقات میں 3 سے 11 اپریل 2027 تک پاکستان میں ہونے والے 14ویں جنوبی ایشیائی کھیلوں کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ کھیلوں کے مقابلے اسلام آباد، لاہور اور پشاور میں منعقد ہوں گے۔ ان کھیلوں میں 28 مختلف کھیل شامل ہوں گے جن میں 346 میڈل مقابلے ہوں گے جبکہ تقریباً 3,200کھلاڑیوں کی شرکت متوقع ہے۔وفد کو وزیرِاعظم یوتھ پروگرام کے جاری منصوبوں، اقدامات اور نوجوانوں کو کھیلوں، مہارتوں اور دیگر مواقع کے ذریعے بااختیار بنانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں وزیرِاعظم یوتھ پروگرام اور جنوبی ایشیا کی کھیلوں کی تنظیموں کے درمیان تعاون بڑھانے بالخصوص نوجوانوں کی کھیلوں میں شرکت اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو قومی، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے بھی بات ہوئی ۔پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر اور ساتھ ایشیا اولمپک کونسل کے صدر عارف سعید نے وفد کی قیادت کی۔

چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے نوجوانوں اور کھیلوں کے فروغ کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے اور کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیائی کھیل خطے کے ممالک کے درمیان دوستی، تعاون اور کھیلوں کے فروغ کا اہم ذریعہ ہیں اور ان کے ذریعے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دنیا کے سامنے لانے کا موقع ملتا ہے۔ملاقات کے اختتام پر 14ویں جنوبی ایشیائی کھیلوں کے کامیاب انعقاد اور نوجوانوں اور کھیلوں کے فروغ کے لئے مشترکہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔