سپیکر قومی اسمبلی نے حنا جاوید کے قتل کا معاملہ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ اور خواتین ویمن پارلیمانی کاکس کے حوالے کردیا

پیر 24 اگست 2026 20:14

سپیکر قومی اسمبلی نے حنا جاوید کے قتل کا معاملہ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اگست2026ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق نے راولپنڈی میں بے دردی سے قتل ہونے والی حنا جاوید کے قتل کا معاملہ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ اور خواتین ویمن پارلیمانی کاکس کے حوالے کردیا ۔پیر کو قومی اسمبلی میں راولپنڈی میں بے دردی سے قتل ہونے والی حنا جاویدکیلئے فاتحہ خوانی کرائی گئی۔

قومی اسمبلی کے سپیکر نے کہا کہ حنا جاوید کا وحشیانہ قتل ہوا ہے،یہ صوبائی معاملہ ہے تاہم حنا جاویدنے نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ( این آئی ٹی بی)میں قومی اسمبلی میں دسمبر 2019 سے جون 2026 تک اٹیچمنٹ پر کام کیا ہوا ہے ،یہ پروگرام ختم ہونے پروہ یہاں سے واپس گئی تھیں۔انہوں نے کہا کہ جس وحشیانہ انداز میں یہ قتل اور تشدد کے واقعات ہورہے ہیں اس پر ہم سب میں پریشانی اور تشویش ہے،ویمن کاکس کے شکر گزار ہیں کہ اس نے یہ معاملہ اٹھایا، ہم انہیں یہ معاملہ ریفر کرتے ہیں،اس ضمن میں جو مدد اور معاونت درکار ہوگی وہ قومی اسمبلی ان کو مہیا کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ معاملہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کو بھی ریفر کردیا،اس پر دونوں ادارے اپنی کوآرڈینیشن بہتر کریں۔سپیکر کے کہنے پر سائرہ افضل تارڑ نے حنا جاوید کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کرائی۔دریں اثناء وفاقی وزیر قانون وانسانی حقوق سینیٹراعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ حنا جاوید کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا،اس کیس کی مکمل پیروی کریں گے۔

قومی اسمبلی میں حنا جاوید قتل کیس بارے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ حنا جاوید یہاں اسمبلی میں کام کرتی رہیں،اس معاملہ پر میں نے فوری پنجاب حکومت سے بات کی،اس معاملہ میں ریجنل پولیس آفیسر اور سی پی او پنڈی سے رابطہ میں ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ دو افراد کو حراست میں لیاگیا ہے اور وہ تین روز کے ریمانڈ پر ہیں، پراسیکیوٹر جنرل کو خصوصی طور پر ہدایت کررکھی ہے کہ اس کیس میں انہوں نے ایک پراسیکیوشن ٹیم بنائی ہے،وہ خود مانیٹر کریں،اس میں کسی قسم کی کمی بیشی نہ ہواور ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جاسکے۔کمیٹی کو جس طرح کی معاونت وزارت قانون و انسانی حقوق کی جانب سے درکار ہوگی مکمل معاونت فراہم کی جائے گا،اس کیس کی مکمل پیروی کریں گے۔