ملک بھر میں خشک سردی کا سلسلہ جاری، بارش کی توقع

منگل 20 جنوری 2026 21:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جنوری2026ء) ملک بھر میں خشک سردی کا سلسلہ جاری ہے اور محکمہ موسمیات نے مختلف شہروں میں موسمی تبدیلیوں کی پیشگوئی کر دی ہے۔ محکمہ کے مطابق آئندہ دنوں میں بعض علاقوں میں بارش اور برفباری کے ساتھ شدید سردی میں کمی کے امکانات ہیں، جبکہ کئی علاقوں میں دھند اور سرد ہواؤں کا سلسلہ برقرار رہنے کا امکان ہے۔

لاہور میں موسم سرد اور خشک ہے، جہاں درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا اور ہوا میں نمی 92 فیصد رہی۔ محکمہ موسمیات نے آج بارش کی پیشگوئی کی ہے اور 23 جنوری تک تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک کے امکانات ظاہر کیے ہیں۔ شہر میں فضائی آلودگی کی سطح بھی انتہائی زیادہ ہے اور مختلف علاقوں میں آلودگی کی شرح 1100 سے تجاوز کر گئی ہے۔

(جاری ہے)

بارش سے خشک سردی میں کمی اور فضائی آلودگی میں بہتری آنے کا امکان ہے۔

کراچی میں بھی موسم خشک اور سرد رہا، جہاں درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے 22 اور 23 جنوری کو بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ بارش کے بعد سردی میں معمولی اضافہ متوقع ہے، تاہم فضائی معیار بدستور خراب ہے اور کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں چھٹے نمبر پر ہے۔ شہر کی ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 180 مائیکروگرام فی مکعب میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔

اسلام آباد میں خشک سردی کا سلسلہ جاری ہے، جہاں درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ صبح کے وقت پارہ 8 ڈگری کے قریب رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 22 اور 23 جنوری کو بارش کا امکان ہے، جس سے سردی میں کمی کی توقع ہے۔خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ چترال، سوات، دیر، کوہستان، ایبٹ آباد اور گردونواح میں مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش یا ہلکی برفباری کا امکان ہے۔

بلوچستان کے زیادہ تر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سردی متوقع ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان کے کچھ علاقوں میں ہلکی بارش اور ہلکی برفباری کا امکان ہے۔پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ مری، گلیات اور گردونواح میں شدید سردی اور جزوی طور پر مطلع ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔ سیالکوٹ، نارووال، جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، لاہور، شیخوپورہ، اوکاڑہ، پاکپتن، قصور، خانیوال، فیصل آباد، ملتان، کوٹ ادو، بہاولنگر، خانپور اور بہاولپور میں رات اور صبح کے اوقات میں درمیانی سے شدید دھند چھائی رہنے کا امکان ہے۔

سندھ کے زیادہ تر اضلاع میں بھی موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ سکھر، روہڑی، شکارپور، کشمور، شہید بینظیرآباد، دادو، لاڑکانہ، ٹنڈوجام، موہنجوداڑو اور جیکب آباد میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند چھائی رہنے کا امکان ہے۔