سرگودھا میں ویمن یونیورسٹی کے قیام کا مطالبہ جلد پورا کیا جائے گا، رانا منور غوث خان

جمعرات 29 جنوری 2026 22:58

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جنوری2026ء) سرگودھا میں ویمن یونیورسٹی کے قیام کا مطالبہ جلد پورا کیا جائے گا۔ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سرگودھا میں ویمن یونیورسٹی کے قیام کا دیرینہ مطالبہ متفقہ طور پر منظور کرلیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ممبر صوبائی اسمبلی و چیئرمین زکوٰۃ و عشر کونسل پنجاب رانا منور غوث خان نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ سرگودھا میں ویمن یونیورسٹی کا قیام شہریوں کا دیرینہ مطالبہ ہے جسے جلد پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی نے سرگودھا ڈویژن میں طالبات کو اعلیٰ تعلیم کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ویمن یونیورسٹی سرگودھا کے قیام کی منظوری دے دی ہے جس پر انہوں نے اظہارِ تشکرکیا ۔

(جاری ہے)

رکنِ صوبائی اسمبلی رانا منور غوث خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت اور قرارداد پر ان کی تعریف کی اور اُن کے اس اقدام کو خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا۔

اُنہوں نے کہا کہ یہ ویمن یونیورسٹی نہ صرف سرگودھا بلکہ منڈی ؤالدین، خوشاب، جھنگ، چنیوٹ، میانوالی اور بھکر کے اضلاع کی طالبات کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرے گی۔ چیئرمین زکوٰۃ و عشر کونسل پنجاب نے اس بات پر مزید زور دیا کہ ایک علیحدہ یونیورسٹی علاقے کی دیرینہ ضرورت تھی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ لڑکیاں مقامی ثقافتی ترجیحات کے مطابق اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکیں، تاکہ وہ ملک کی ترقی میں موثر کردار ادا کر سکیں۔