قائد عوام یونیورسٹی آف انجینئرنگ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نواب شاہ میں “کمپیوٹنگ سائنس میں ابھرتے نئے رجحانات" کے موضوع پر انٹرنیشنل کانفرنس

بدھ 11 فروری 2026 14:35

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 فروری2026ء) قائد عوام یونیورسٹی آف انجینئرنگ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نواب شاہ کے کمپیوٹر سائنس ڈیپارٹمنٹ کے زیرِ اہتمام “کمپیوٹنگ سائنس میں ابھرتے نئے رجحانات” کے موضوع پر پہلی انٹرنیشنل کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس پرو وائس چانسلر قائد عوام یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر کشن چند مکوانا کی سرپرستی اور پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم وگھیو کی نگرانی میں منعقد کی گئی، جبکہ صدارت سیکریٹری ٹریننگ مینجمنٹ اینڈ ریسرچ، سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن ڈیپارٹمنٹ سندھ، نور احمد سموں نے کی۔

دو روزہ کانفرنس میں ملکی و غیر ملکی ماہرین اور محققین نے شرکت کی، جن میں ڈاکٹر اُلی فاہرینبرگ (پیرس سیکلے یونیورسٹی، فرانس)، ڈاکٹر اسداللہ شاہ (انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی ملائیشیا)، ڈاکٹر محمد اسلم جروار (شیفیلڈ ہیلم یونیورسٹی، برطانیہ)، ڈاکٹر سحرش بصیر (ورجینیا ٹیک یونیورسٹی، امریکہ)، ڈاکٹر شفیع اللہ سومرو (لینئیس یونیورسٹی، سویڈن)، ڈاکٹر عدنان امین (مائیکروسافٹ، پاکستان)، ڈاکٹر امتیاز علی کوریجو (سندھ یونیورسٹی جامشورو)، ڈاکٹر طارق رحیم سومرو (انسٹیٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ کراچی) اور ڈاکٹر سلمان احمد (جی آئی کے آئی صوابی، پاکستان) شامل تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈین فیکلٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد ابراہیم چنہ، پروفیسر ڈاکٹر عبدالفتاح چانڈیو، پروفیسر ڈاکٹر عبدالستار جمالی سمیت مختلف جامعات کے اساتذہ اور ریسرچ اسکالرز بھی شریک ہوئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری نور احمد سموں، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کشن چند مکوانا، آرگنائزر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم وگھیو اور دیگر مقررین نے کہا کہ کانفرنس کا مقصد محققین اور طلبہ کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنے تحقیقی خیالات اور تجربات کا تبادلہ کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی کوشش ہے کہ طلبہ کو عصرِ حاضر کے جدید شعبہ جات جیسے آرٹیفیشل انٹیلیجنس، سائبر سیکیورٹی، ڈیٹا سائنس اور دیگر ابھرتے ہوئے میدانوں سے روشناس کرایا جائے۔ کانفرنس کے دوران مختلف ممالک سے آئے ہوئے محققین نے اپنے تحقیقی مقالے پیش کیے اور جدید سائنسی رجحانات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔