چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں کا زعیم قادری کے انتقال پر اظہارتعزیت

جمعہ 13 فروری 2026 16:08

چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں کا    زعیم   قادری ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2026ء) چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق صوبائی وزیر زعیم حسین قادری کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔جمعہ کو اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ مرحوم زعیم حسین قادری ان کے نہایت قریبی دوست، رفیق کار اور نظریاتی ساتھی تھے۔

انہوں نے مرحوم کو اصول پسند، دیانتدار اور نظریاتی سیاسی رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ حق اور سچ کی بات کرتے تھے۔چیئرمین نے کہا کہ زعیم حسین قادری ایک مخلص اور باوقار سیاسی شخصیت تھے اور ان کا انتقال پارٹی اور ملکی سیاست کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم مشکل ترین حالات میں بھی جماعت کے ساتھ ثابت قدمی سے کھڑے رہے۔

(جاری ہے)

رانا مشہود احمد خاں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مضبوطی اور تنظیمی استحکام کے لیے مرحوم کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہ کارکنوں اور عوام کے ساتھ خلوص اور محبت کا برتائو کرتے تھے جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے صبر جمیل کی دعا کی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔